سمندری طوفان دانا جمعہ کی صبح اوڈیشہ ساحل سے ٹکرائے گا

,

   

l اوڈیشہ اوربنگال میں تمام تعلیمی ادارے ہفتہ تک بند‘لاکھوں افراد محفوظ مقامات پر منتقل
lسات اضلاع میں ریڈ الرٹ‘ این ڈی آر ایف کی 19ٹیمیں تیار‘ صورتحال سے نمٹنے حکام چوکس

بھونیشور: خلیج بنگال کے مشرقی۔وسطی علاقے میں ہونے والا سمندری طوفان ‘دانا’ ایک شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہو چکا ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق اس کی رفتار 100 سے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے اور اس کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس طوفان کے آج رات دیر گئے یا 25 اکتوبر کی صبح کو اوڈیشہ کے بھترکنیکا اور بھدرک ضلع کے دھامرا کے ساحلوں سے ٹکرانے کا امکان ہے۔آئی ایم ڈی کے مطابق دانا گزشتہ چھ گھنٹوں میں 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال۔شمال مغرب کی طرف بڑھ رہا ہے۔ یہ طوفان شدید ترین حالت میں اوڈیشہ اور مغربی بنگال کے ساحلوں کے درمیان پوری اور ساگر جزیرے کے قریب سے گزر سکتا ہے۔ اس دوران اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے۔اوڈیشہ کے ساحلی اضلاع جیسے جگت سنگھ پور، پوری، کیندراپاڑا، بھدرک، اور بالاسور میں چہارشنبہ کی شام سے موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان علاقوں میں طوفان کی شدت کے باعث ہوا کی رفتار مسلسل بڑھ رہی ہے۔بھونیشور میں آئی ایم ڈی کی ڈائریکٹر، منورما مہانتی نے میڈیا کو بتایا کہ پرادیپ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ 51 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ چاندبلی کے علاقے میں 39 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اوڈیشہ اور مغربی بنگال میں تمام اسکول اور تعلیمی ادارے26 اکتوبر تک بند کردیئے گئے ہیں۔اوڈیشہ کے سات اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے جبکہ این ڈی آر ایف کی 19ٹیموں کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رکھا گیا ہے ۔ اُدھر بنگال کے ہاوڑہ میں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔مغربی بنگال کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے وزیر جاوید احمد خان نے کہا چیف منسٹر ممتا بنرجیٰ خود نگرانی کر رہی ہیں۔

سمندری طوفان کی وجہ سے 190لوکل ٹرینیں منسوخ

شمال مشرقی ریلوے الرٹ، کئی احتیاطی تدابیر پر عمل ، پھنسے مسافرین کی حفاظت اولین ترجیح

کولکاتا : سمندری طوفان کی وجہ سے ریلوے نے کئی احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں۔ شمال مشرقی ریلوے نے پہلے ہی مطلع کیا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے سیالدہ سیکشن میں 190 لوکل ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ لیکن تمام ٹرینیں سیالدہ ساؤتھ اور حسن آباد ڈویژن کی ہیں۔ سیالدہ کے ڈی آر ایم دیپک نگم نے بتایا کہ جمعرات کی رات سے جمعہ کی صبح تک سیالدہ ساؤتھ اور حسن آباد برانچوں میں ٹرینوں کی آمدورفت 14 گھنٹے کے لیے بند رہے گی۔ ڈی آر ایم دیپک نے کہاکہ حادثہ کی وجہ سے سیالدہ اسٹیشن سے جنوبی برانچ کے تمام مقامات کے لیے آخری ٹرین جمعرات کی رات 8 بجے روانہ ہوگی۔ اگلے دن یعنی جمعہ کو اس برانچ پر صبح 10 بجے تک لوکل ٹرین کی آمدورفت بند رہے گی۔ سیالدہ کے ڈی آر ایم نے بتایا کہ حسن آباد برانچ پر کئی ٹرینیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ آخری ٹرین جمعرات کی رات 8 بجے سیالدہ سے حسن آباد کے لیے روانہ ہوگی۔شمال مشرقی ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر کوشک مترا نے کہا کہ طوفان کی وجہ سے سیالدہ سیکشن میں لوکل ٹرین کی آمدورفت میں کچھ تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ مسافروں کی حفاظت کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ اس وجہ سے سیالدہ کی کچھ شاخوں پر جمعرات کی رات سے جمعہ کی صبح تک ٹرینوں کی آمدورفت روک دی جائے گی۔ اتنا ہی نہیں سیالدہ کے پورے سیکشن میں ٹرین خدمات کو روک دیا گیا ہے ۔ کچھ شاخوں پر ٹرین کی آمدورفت کو منظم کیا جا رہا ہے ۔لوکل کے علاوہ کئی میل اور ایکسپریس ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ مشرقی ریلوے نے کہا کہ کامکھیا-بنگلور ایکسپریس، ڈبروگڑھ-کنیا کماری ایکسپریس، کنیاکماری-ڈبرو گڑھ ایکسپریس، بنگلورو-گوہاٹی ایکسپریس، سیالدہ-پوری دورانت ایکسپریس، سلچر-سکندرآباد سپر فاسٹ ایکسپریس بدھ 23 اکتوبر کو منسوخ کر دی گئی ہیں۔24 اکتوبر بروز جمعرات متعدد ایکسپریس منسوخ رہیں گی۔ اس فہرست میں پٹنہ-ارناکولم ایکسپریس، کولکتہ-پوری ایکسپریس اسپیشل، پوری-جے نگر ایکسپریس، پوری-سیالدہ دورانت ایکسپریس، پٹنہ-پوری ایکسپریس اسپیشل، بنگلور-مظفر پور ایکسپریس، مالدہ ٹاؤن-دیگھا ایکسپریس، مالدہ ٹاؤن-دیگھا ایکسپریس، آسنسول ہلدیہ اور ہلدیہ-آسنسول ایکسپریس۔ جمعہ 25 اکتوبر کو آسنسول-ہلدیہ، ہلدیہ-آسنسول ایکسپریس اور پوری-کولکتہ ایکسپریس اسپیشل کو منسوخ کر دیا گیا ہے ۔۔ 172 ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ اس دوران 120 میل ایکسپریس اور 52 لوکل اور MEMU ٹرینیں منسوخ ہیں۔