ملک میں 10 کروڑ 10 لاکھ افراد ذیابیطس کا شکار، آئی سی ایم آر کی تازہ رپورٹ میں انکشاف
حیدرآباد۔/10 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کیا آپ کو چپس پسند ہیں؟ کیا آپ اکثر فرنچ فرائز کھاتے ہیں۔ سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ آپ کو ذیابیطس کا خطرہ ہوسکتا ہے۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ ( آئی سی ایم آر ) نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ان اسناکس کے علاوہ گہری تلی ہوئی غذائیں اور زیادہ درجہ حرارت پر پکائی جانے والی چیزیں ہندوستانیوں میں ذیابیطس کے واقعات میں اضافہ کررہی ہیں۔ ذیابیطس بھی صحت عامہ کے حوالے سے ہمارے ملک کو درپیش چیلنجس میں سے ایک ہے۔ آئی سی ایم آر کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں ذیابیطس کے 10 کروڑ 10 لاکھ مریض ہیں۔ سائینسدانوں کا دعویٰ ہے کہ گہرے تلے ہوئے کھانوں کو اعلیٰ درجے کی گلیکشن اینڈ پروڈکٹس (AGEs) سمجھا جاتا ہے ان کا بہت زیادہ استعمال کرنے سے ذیابیطس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اور یہ انسولین کے خلاف مزاحمت ، سیلولر کو نقصان اور دیگر ضمنی اثرات کا باعث بھی بنتا ہے۔ کھانے کو زیادہ حرارت پر پکایا جاتا ہے تو ان میں موجود پروٹین نقصاندہ ہوجاتے ہیں۔ ملک میں پہلی مرتبہ آئی سی ایم آر سے تعلق رکھنے والے مدارس ذیابیطس ریسرچ فاؤنڈیشن نے 12 ہفتوں کا مطالعہ کرنے کے بعد ان تفصیلات کا انکشاف کیا ہے۔ فاؤنڈیشن کے صدرنشین وی موہن نے بتایا کہ موٹاپا ذیابیطس کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ جسمانی سرگرمیوں کی کمی، غیر صحت بخش نمکین اور خوراک وغیرہ کے استعمال سے پرہیز کرنا چاہیئے۔ تلی ہوئی، بھنی ہوئی اور گرل شدہ کھانوں کے بجائے ترکاریاں، پھلی، مچھلی، اُبلے ہوئے کھانے اور براؤن رائس کھانے کا مشورہ دیا گیا ہے جس میں کم AGE ہوتی ہیں۔2