سنبھل :جاں بحق نوجوانوں کے لواحقین کو معاوضہ کا اعلان

   

نئی دہلی: ’’سنبھل میں پولیس انتظامیہ نے جو انسانیت سوز جرم کا ارتکاب کیا ہے وہ کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہے۔ ہم اس کے خلاف ہر سطح پر لڑیں گے اور مظلوموں و بے قصور گرفتار شدگان کو انصاف دلائیں گے۔‘‘ یہ اعلان آج جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے رجب پور امروہہ میں سنبھل حادثہ سے متعلق ہوئی ایک اہم میٹنگ میں کیا۔ مولانا مدنی نے اعلان کیا کہ جمعیۃ علماء ہند سبھی شہدا کے ورثا کو 5-5 لاکھ روپے دے گی، نیز جو زخمی ہوئے ہیں ان کے علاج و معالجہ کے لیے دست تعاون بڑھایا جائے گا۔اس میٹنگ میں جمعیۃ علماء امروہہ، جمعیۃ علماء سنبھل اور جمعیۃ علماء مرادآباد کے ذمہ داران موجود تھے۔ میٹنگ میں جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی اور جمعیۃ علماء ہند کے خازن مولانا قاری شوکت علی اور مفتی محمد عفان منصورپوری بھی شریک ہوئے۔ صدر جمعیۃ علماء ہند نے تینوں اضلاع کے ذمہ داران پر مشتمل ایک ریلیف کمیٹی بھی تشکیل دی جس کے کنوینر حافظ محمد شاہد صدر جمعیۃ علماء سنبھل ہوں گے۔ نیز ایک قانونی کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ ہوا۔