سندھو کی سنسنی خیز کامیابی ۔ آل انگلینڈ سیمی فائنل میں رسائی

   

انڈین اسٹار نے عالمی نمبر 5 جاپان کی یاماگوچی کو ایک گیم سے پچھڑنے کے بعد شکست دی

لندن : پی وی سندھو نے جاپان کی اکانے یاماگوچی کے مقابل سنسنی خیز کامیابی کے ساتھ آل انگلینڈ اوپن بیڈمنٹن چمپئن شپس کے سیمی فائنلس میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ انڈین اسٹار نے جمعہ کی شب منعقدہ میچ میں ایک گیم سے پچھڑنے کے بعد عالمی نمبر 5 کے مقابل 16-21، 21-16، 21-19 سے جیت درج کراتے ہوئے باوقار ٹورنمنٹ کے آخری چار میں جگہ بنائی ہے۔ موجودہ طور پر عالمی نمبر 7 سندھو نے فرسٹ گیم میں کچھ غلطیاں کئے اور وہ گیم یاماگوچی کے حق میں چلا گیا، لیکن اس کے بعد جو کچھ ہوا وہ دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سنسنی خیز مسابقت ہوئی اور آخرکار جیت انڈین اسٹار کو حاصل ہوئی۔ ٹورنمنٹ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل نے نے سندھو کے وننگ شاٹ کا ویڈیو پیش کیا اور اسے ’’غضبناک‘‘ قرار دیتے ہوئے سراہا ہے۔ اس ٹورنمنٹ میں پانچویں سیڈ سندھو نے یاماگوچی کے خلاف 10-7 کے برتر باہمی ریکارڈ کے ساتھ بیڈمنٹن کورٹ سنبھالا۔ سندھو گزشتہ تین مقابلوں میں جاپانی حریف کے خلاف ناکام ہوئی تھیں۔ فرسٹ گیم جیتنے کے بعد ایسا لگا کہ یاماگوچی لگاتار چوتھی جیت درج کرائیں گی لیکن سندھو نے دندناتے ہوئے واپسی کی اور سکنڈ گیم 21-16 پر جیتا، جس نے میچ کو فیصلہ کن گیم تک پہنچایا۔ تھرڈ گیم میں لانگ ریلیاں دیکھنے میں آئیں۔ سندھو نے بھرپور توجہ کے ساتھ محنت کی اور فیصلہ کن گیم 21-19 پر جیت کر سیمی فائنلس میں اپنا مقام حاصل کرلیا۔ اپنی جیت کے تعلق سے سندھو نے کہا: ’’میں واقعی بہت خوش ہوں۔ میں اُس کے خلاف طویل وقفے بعد کھیل رہی تھی اور مجھے یقین تھا کہ وہ اپنی مخصوص حکمت عملی کے ساتھ آئی ہوگی۔ جب کبھی میں نے اُس کے خلاف کھیلا، طویل میچ ثابت ہوا، لہٰذا میں ایک اور طویل مقابلے کیلئے (ذہنی طور پر) تیار تھی۔ فرسٹ گیم میں مجھے کورٹ پر کچھ دقت ہوئی۔ تاہم، مجھے بے حد خوشی ہے کہ میں نے کامیابی حاصل کی ہے۔‘‘ سندھوسیمی فائنلس میں تھائی لینڈ کی چھٹی سیڈ پی چوچووونگ کے خلاف کھیلیں گی۔