سنگاریڈی میں پرائمری ہیڈ ماسٹروں کی تین روزہ اورینٹیشن ٹریننگ اختتام پذیر

   

سنگاریڈی23 جولائی( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومت تلنگانہ کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول سنگاریڈی میں 20 تا 22 جولائی منعقدہ پرائمری اسکول ہیڈ ماسٹروں کی تین روزہ اورینٹیشن ٹریننگ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔پی ایس ایچ ایم یونین کے ضلع اعزازی صدر محمد معز الدین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ تربیتی پروگرام میں اسکولوں کی مؤثر انتظامیہ، معیاری تدریس اور تعلیمی قیادت سے متعلق مختلف اہم موضوعات پر تفصیلی رہنمائی فراہم کی گئی۔انہوں نے کہا کہ تربیت کے دوران کلاس روم مینجمنٹ، اجلاسوں کے مؤثر انعقاد، لائبریری کے انتظام، ایف ایل این (FLN)، ہولسٹک پروگریس کارڈ، کم از کم تعلیمی صلاحیتوں کا حصول، انکلیوسیو ایجوکیشن، طلبہ کی جذباتی و ذہنی فلاح، مصنوعی ذہانت (AI) کے تعلیمی استعمال، اسکول کی ترقی اور شخصیت سازی جیسے موضوعات پر سیشنز منعقد کیے گئے، جن سے شرکاء نے بھرپور استفادہ کیا۔پروگرام میں ریسورس پرسنز رام چندر، سامباشیواڈو، جناردھن ، سبھاش، محترمہ جیا، بساویہ اور اے ایم او گائنی بالیاہ نے مختلف سیشنز کی قیادت کی، جبکہ پروگرام گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کی ہیڈ مسٹریس کی نگرانی میں منعقد ہوا تربیت میں ضلع سنگاریڈی کے 10 منڈلوں سے تقریباً 80 پرائمری اسکول ہیڈ ماسٹروں نے شرکت کی۔محمد معز الدین نے کہا کہ اس نوعیت کے تربیتی پروگرام ہیڈ ماسٹروں کی قائدانہ صلاحیتوں میں اضافہ، تدریسی معیار میں بہتری اور طلبہ کی ہمہ جہتی ترقی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔