نئی دہلی: سنگاپور کے وزیر دفاع ڈاکٹر این جی اینگ ہین نے آج یہاں راشٹرپتی بھون میں صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔ اینگ ہیں ان دنوں ہندوستان کے دورے پر ہیں۔ ڈاکٹر ہین کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان اور سنگاپور کے درمیان دو طرفہ تعاون کی ایک بھرپور تاریخ ہے ، جسے وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ دورہ سنگاپور اور ہندوستان-سنگاپور وزارتی گول میز کے دوسرے دور کے اختتام سے مزید تقویت ملی ہے ۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ یہ تعلقات ایک جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی طرف بڑھے ہیں۔ صدر جمہوریہ نے پہلی آسیان-ہندوستان بحری مشق کی کامیابی کے ساتھ مشترکہ میزبانی کرنے پر سنگاپور کو مبارکباد پیش کی اور مشترکہ مشقوں کی آئندہ سیریز کیلئے دونوں اطراف کی مسلح افواج کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مرمو نے دفاعی شعبے میں جدید ترین مہارت اور تکنیکی ترقی سے فائدہ اٹھانے کیلئے دونوں ممالک کی دفاعی تحقیق اور ترقی کی ٹیموں کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔