سنیتا ولیمز اور بوچ ولمور کی واپسی کی تاریخ طے ہوگئی

   

10 روزہ مشن پر گئے خلاباز تکنیکی خرابیوں کے باعث 9 ماہ خلا میں پھنس گئے

واشنگٹن: سنیتا ولیمز کی واپسی کا بے صبری سے انتظار کرنے والوں کے لیے اچھی خبر ہے۔ ہندوستانی نڑاد خلاباز سنیتا ولیمز، جو طویل عرصے سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر موجود ہیں، جلد ہی زمین پر واپس آنے والی ہیں۔ 10 روزہ مشن پر جانے والی سنیتا ولیمز اور بوچ ولمور کو تکنیکی خرابیوں کے باعث پورے 9 ماہ خلا میں رہنا پڑا۔ اب ناسا نے ان کی واپسی کی تاریخ طے کر دی ہے۔سنیتا اور بوچ 5 جون 2024 کو بوئنگ اسٹار لائنر کیپسول کے ذریعے ISS پہنچے۔ یہ مشن صرف 10 دن چلنا تھا لیکن ا سٹار لائنر کیپسول میں تکنیکی خامیاں ظاہر ہونا شروع ہو گئیں۔ اس میں پروپلشن سسٹم اور فیول لیک (پروپیلنٹ لیک) کے مسائل شامل تھے۔ ان مسائل کی وجہ سے، ناسا نے فیصلہ کیا کہ دونوں خلاباز ایک ہی کیپسول میں واپس نہیں آئیں گے۔بوئنگ اسٹار لائنر کو بعد میں بغیر عملے کے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے زمین پر واپس لایا گیا، جبکہ سنیتا اور ولمور کو آئی ایس ایس پر چھوڑ دیا گیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ بقیہ عملے کے مشن کا شیڈول متاثر نہ ہو۔ناسا نے آخر کار ان کی واپسی کے منصوبوں کی تصدیق کر دی ہے۔ مارچ 2025 میں، سنیتا ، بوچ اور دو دیگر خلاباز SpaceX کے کریو ڈریگن کیپسول کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔