سوائی مادھوپور میں مال گاڑی پٹری سے اترگئی

   

بھرت پور: راجستھان کے سوائی مادھوپور میں دہلی-ممبئی ریلوے لائن پر واقع ریلوے اسٹیشن کے قریب دہلی سے ممبئی جا رہی ایک مال گاڑی ہفتہ کی دیر رات پٹری سے اتر گئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی ریلوے حکام، ضلع انتظامیہ اور پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے اور واقعہ کا جائزہ لیا۔ اس واقعہ میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔ ریلوے ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق جیسے ہی گڈز ٹرین سوائی مادھوپور ریلوے اسٹیشن کے قریب پہنچی تو گڈز ٹرین کی تیسری بوگی مین لائن سے گنگا سٹی کی طرف بی کیبن کے قریب لوپ لائن پر جاتے ہوئے پٹری سے اتر گئی۔ جیسے ہی کوچ پٹری سے اتری ڈرائیور نے بریک لگائی جس کی وجہ سے ٹرین موقع پر ہی رک گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریلوے حکام موقع پر پہنچ گئے ، انہوں نے پٹری سے اترنے والی کوچ کو مال ٹرین سے الگ کیا اور مال ٹرین کو ایک طرف منتقل کیا۔