نئی دہلی، 04 ستمبر (یو این آئی) کانگریس کی سابق صدر اور پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی کی خودنوشت ‘بیلانگنگ : اے جرنی آف لو’ کی اشاعت نومبر میں ہوگی۔محترمہ گاندھی کی کتاب کے پبلشر نے جمعہ کو سوشل میڈیا ایکس پر یہ معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ ہارپر کولنز انڈیا 10 نومبر کو کتاب کی اشاعت کرے گا۔ پبلشر نے یہ بھی کہا کہ کتاب محبت، شناخت، فرض اور اپنائیت کی ذاتی کہانی کے ساتھ سونیا گاندھی کے سفر کا ایک نادر اندرونی نقطہ نظر پیش کرے گی۔ پبلشر نے اسے انتہائی بااثر سیاسی شخصیت کے ذریعے ایک ‘حیران کن طور پر بہترین انداز میں لکھی گئی خودنوشت ‘ بتایا اور کہا کہ یہ کتاب ان کی زندگی کے ذاتی اور اہم سیاسی پہلوؤں کی کڑیوں کو خوبصورتی کے ساتھ جوڑتی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ کتاب پیار، خاندان اور ہندوستان کی ایک ‘دلچسپ کہانی’ سناتی ہے ۔کتاب میں اٹلی کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں محترمہ سونیا گاندھی کے بچپن سے لے کر ہندوستان آمد، مسٹر راجیو گاندھی کے ساتھ شادی اور نہرو-گاندھی خاندان میں ان کی زندگی کی کہانی ہے ۔ اس میں اندرا گاندھی سے ان کی ملاقات، ہندی سیکھنے ، ہندوستانی روایتوں اور کھانے پینے کو اپنانے کے ساتھ سنجے گاندھی کی طیارہ حادثے میں موت، 1984 میں اندرا گاندھی کے قتل اور 1991 میں راجیو گاندھی کے قتل جیسے واقعات کا بھی ذکر ہے ۔ کتاب میں 2004 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد کانگریس اتحاد کی جیت اور سونیا گاندھی کے ذریعے وزیر اعظم کا عہدہ قبول نہ کرنے کے فیصلے کا بھی ذکر ہے ۔