سونے کے کاریگروں کیلئے خصوصی کارپوریشن کا مطالبہ

   

میدک- 28 جون(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)تلنگانہ میں سونے کے کاریگروں (GOLDSMITH) کے لیے خصوصی کارپوریشن اور ویلفیئر بورڈ کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے وشو برہمن سورنکار سنگھم کی جانب سے میدک کلکٹریٹ کے روبرو احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ بعد ازاں تنظیم کے نمائندوں نے اے او کو ایک یادداشت پیش کی۔ضلع صدر پونا رویندر چاری اور ضلع جنرل سکریٹری سنکوجو دامودر چاری نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جی او نمبر 272 میں ترمیم کی جائے تاکہ چوری شدہ سونے کی بازیابی کے نام پر سونے کے کاریگروں کو بے بنیاد کارروائیوں اور ہراسانی سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح چنیت (ہینڈلوم) اور تاڑی مزدوروں کو مراعات دی جا رہی ہیں، اسی طرز پر 50 سال سے زائد عمر کے سونے کے کاریگروں کو بھی ماہانہ 5 ہزار روپے پنشن دی جائے۔ انہوں نے پیشہ کھونے کے باعث خودکشی کرنے والے سورنکار خاندانوں کو مالی امداد فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔اس احتجاج میں ضلع ریاستی سکریٹری نیمالی سرینواس، ضلع خزانچی وینکٹیشم، ٹاؤن صدر برہماچاری، ٹاؤن سکریٹری وینو، خزانچی کاشی ناتھ، شنکر دیال چاری، روی، سرینواس چاری، جے ایل سرینواس چاری، نوین رویندر چاری، رمیش چاری، نریش چاری، سدھی رامولو، کشور، ناگیندر سمیت بڑی تعداد میں سورنکار شریک تھے۔