ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کی عدالت میں ایک خاتون کو پیش کیا گیا ہے جس پر اپنے ہی دو بچوں کے قتل کا الزام ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس 42 سالہ خاتون کو جنوبی کوریا سے گرفتار کیا گیا ہے۔خیال رہے اگست میں آکلینڈ میں سوٹ کیسز سے دو بچوں کی باقیات ملنے کے بعد سے یہ خاتون ان کے قتل کے الزام کا سامنا کر رہی ہے۔جنوبی کوریا سے نیوزی لینڈ پہنچنے کے اگلے ہی دن ملزمہ کو جنوبی آکلینڈ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت نے میڈیا کو خاتون اور دو مقتول بچوں کا نام رپورٹ کرنے سے منع کیا جبکہ یہ حقیقت بیان کرنے کی اجازت دے دی کہ یہ خاتون ان بچوں کی ماں ہے۔عدالت نے خاتون کا اگلی پیشی یعنی 14 دسمبر تک کا ریمانڈ بھی منظور کیا ہے۔سماعت کے دوران خاتون نے ترجمان کے ذریعے جج کے ساتھ بات کرنے کی خواہش کا اظہار کیا لیکن ان کے اپنے وکیل نے کہا کہ ’بہتر ہو گا کہ وہ ایسا نہ کریں۔