مسجد دفاتر معتمدی کے گنبد اور مینار کا کام، ڈسمبر تک مکمل کرنے کی مساعی
حیدرآباد۔/20 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ سکریٹریٹ کے احاطہ میں دونوں مساجد کی تعمیر کا کام جاری ہے اور توقع ہے کہ ڈسمبر تک دونوں مساجد کی تعمیر کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔ سکریٹریٹ کی عمارت کی تعمیر کا کام امید کی جارہی ہے کہ نومبر تک جاری رہے گا اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ڈسمبر میں نئے سکریٹریٹ میں قدم رکھیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے سکریٹریٹ کی عمارت کی تکمیل تک مسجد ، مندر اور چرچ کی تعمیر بھی مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ حکومت نے 1600 مربع گز اراضی پر دونوں مساجد اور امام و مؤذن کیلئے کوارٹرس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ مسجد دفاتر معتمدی کی تعمیر تیزی سے جاری ہے اور فرسٹ فلور پر گنبد اور مینار کی تعمیر کا آغاز ہوا ہے جبکہ مسجد ہاشمی ابھی تعمیر کے ابتدائی مراحل میں ہے اور پلرس کی تنصیب کا کام شروع ہوا ہے۔ آر اینڈ بی کے عہدیداروں نے بتایا کہ دونوں مساجد کے درمیان وضو خانے رہیں گے جس کے اوپری حصہ میں امام اور مؤذن کے کوارٹرس تعمیر کئے جائیں گے۔ کنٹراکٹر نے تعمیر کیلئے 3.75 کروڑ کا تخمینہ کیا ہے جبکہ حکومت نے ایک کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ تعمیری کاموں کی تکمیل کے ساتھ مزید بجٹ جاری کیا جائے گا۔ اسی دوران مسجد کے پلان میں بعض تبدیلیوں کا امکان ہے کیونکہ آر اینڈ بی کے عہدیدار مسجد کے مینار کی بلندی میں کمی کے خواہاں ہیں ۔ دوسری طرف چرچ کی تعمیر کا بھی آغاز ہوا ہے۔ سابقہ مساجد کے حقیقی مقام اور اراضی کے رقبہ کے بارے میں عہدیدار کچھ بھی کہنے سے گریز کررہے ہیں۔ر