گینگٹوک : سکم میں آئندہ سال اسمبلی الیکشن ہونے والے ہیں۔ اس تعلق سے سبھی پارٹیوں کی سرگرمیاں بھی تیز ہو گئی ہیں، لیکن بی جے پی کے لیے حالات بہت اچھے معلوم نہیں پڑ رہے ہیں۔ دراصل گینگٹوک سے بی جے پی رکن اسمبلی وائی ٹی لیپچا نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر پارٹی سکم اسمبلی کا انتخاب تنہا لڑتی ہے تو وہ 500 ووٹ بھی حاصل نہیں کر پائے گی۔ دراصل پارٹی لیڈر برسراقتدار سکم کرانتی کاری مورچہ (ایس کے ایم) کے ساتھ بی جے پی کے اتحاد کی وکالت کر رہے ہیں، جبکہ پارٹی نے ایس کے ایم سے رشتہ توڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔کچھ دنوں پہلے کی ہی بات ہے جب بی جے پی کی طرف سے کہا گیا تھا کہ بھگوا پارٹی چیف منسٹر پریم سنگھ تمانگ کی قیادت والے اتحاد میں ایس کے ایم سے مطمئن نہیں ہے اور اسمبلی انتخاب تنہا لڑنے پر غور کر سکتی ہے۔اسی بیان پر بی جے پی رکن اسمبلی لیپچا نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے پارٹی کو متنبہ کیا ہے۔