سیاست ملت فنڈ کی جانب سے تاحال 5192 نامعلوم مسلم نعشوں کی تجہیز و تکفین

   

کوکٹ پلی قبرستان میں 11 نعشوں کی تدفین ، ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی 2003 میں شروع کردہ مہم سے ہزاروں نامعلوم مسلم میتیں نذر آتش ہونے سے محفوظ
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : نامعلوم مسلم میتوں کی تجہیز و تکفین کے معاملہ میں سیاست ملت فنڈ نے سارے ملک میں ایک بہترین مثال قائم کی ہے ۔ بیرون ملک میں بھی روزنامہ سیاست اور ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی شروع کردہ اس تحریک کے حوالہ دئیے جاتے ہیں ۔ ساتھ ہی دوسری ریاستوں میں بھی نامعلوم مسلم میتوں کی تجہیز و تکفین کے منصوبے بنائے جارہے ہیں ۔ واضح رہے کہ سال 2003 میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کو سیاست ملت فنڈ کے ذریعہ نامعلوم مسلم میتوں کی تجہیز و تکفین پر غور کرنے پر مجبور کیا ۔ وہ واقعہ دراصل یہ تھا کہ ایک نامعلوم مسلم میت کو عنبر پیٹ شمشان گھاٹ میں 3 غیر مسلم نامعلوم نعشوں کے ساتھ نذر آتش کیا جانے والا تھا کہ ملت کا درد رکھنے والے ایک کانسٹبل نے جناب زاہد علی خاں کو فون کر کے ایک مسلم میت کو نذر آتش کئے جانے سے بچانے کی درخواست کی ۔ اس ایک فون کال نے سارا نقشہ ہی بدل ڈالا ۔ ایڈیٹر سیاست نے فوری اس وقت کے ڈی جی پی کے ساتھ ساتھ کمشنر پولیس حیدرآباد ایم وی کرشنا راؤ کو فون کر کے نامعلوم مسلم نعشوں کو سیاست ملت فنڈ کے حوالے کرنے کی خواہش کی چنانچہ اس دن سے آج کی تاریخ تک سیاست ملت فنڈ کی جانب سے 5192 نامعلوم مسلم نعشوں کی پورے احترام کے ساتھ تجہیز و تکفین عمل میں لائی گئی ہے ۔ آج سید زاہد حسین ریٹائرڈ اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی نگرانی میں 11 نامعلوم مسلم میتوں کی تدفین کوکٹ پلی قبرستان میں عمل میں لائی گئی ۔ جس میں پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن کے حدود میں ملی ایک خاتون کی نعش بھی شامل ہے ۔ نماز جنازہ مولانا سید خواجہ معز الدین اشرفی نے پڑھائی ۔ مولانا سید حفیظ اشرفی امام و خطیب جامع مسجد محمدیہ کشن باغ نے دعائے مغفرت کی ۔ اس موقع پر جناب محمد عبدالجلیل مسجد سرور کونینؐ ، جناب محمد طاہر علی معتمد مسجد سرور کونین ؐ فتح شاہ نگر ، سید زبیر ہاشمی ، وحید الدین بھی موجود تھے ۔ محترمہ بشریٰ تبسم اور سید عبدالمنان کا بھی تعاون حاصل رہا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ سیاست ملت فنڈ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل ، گاندھی ہاسپٹل ، بدویل گرجا گھر فاطمہ ہوم ، الوال گرجاگھر اور ایرا گڈہ ٹی بی ہاسپٹل سے نامعلوم مسلم میتیں حاصل کر کے ان کی پورے احترام کے ساتھ تجہیز و تکفین کرتا ہے ۔ اور اس کے لیے شہر اور مضافاتی علاقوں میں واقع قبرستانوں کا انتخاب کیا جاتا ہے ۔ آپ کو یہ بھی بتادیں کہ ایک میت کی تجہیز و تکفین پر 4000 تا 4500 روپئے کے اخراجات آتے ہیں جو قارئین سیاست ، ناظرین سیاست ٹی وی اور ہمدردان ملت کے تعاون سے پورے کئے جاتے ہیں ۔ بہر حال 19 سال قبل ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی جانب سے شروع کی گئی اس مہم کے باعث ہزاروں نامعلوم مسلم نعشیں شمشان گھاٹوں میں نذر آتش کئے جانے ، مضافاتی علاقوں میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں تلے دبائیے جانے یا پھر طبی اداروں کے حوالے کئے جانے سے محفوظ رہیں ۔۔