… ( سیاست کی خبر کا اثر )… ائمہ اور مؤذنین کو اعزازیہ کیلئے عنقریب بجٹ کی اجرائی

   

وزیر داخلہ محمد محمود علی کو وزیر فینانس ہریش راؤ کا تیقن، عید سے قبل اجرائی یقینی بنانے محکمہ فینانس کو ہدایت

حیدرآباد۔/6 جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے تلنگانہ میں ائمہ و مؤذنین کے ماہانہ اعزازیہ کی اجرائی کیلئے بجٹ جاری کرنے کا تیقن دیا ہے۔ روز نامہ ’سیاست‘ میں ائمہ اور مؤذنین کو گزشتہ 3 ماہ سے اعزازیہ کی عدم ادائیگی سے متعلق خبر کی اشاعت کے بعد وزیر داخلہ محمد محمود علی نے وزیر فینانس ہریش راؤ اور محکمہ فینانس کے پرنسپل سکریٹری سے ربط قائم کیا۔ انہوں نے وزیر فینانس کو گزشتہ تین ماہ سے اعزازیہ کی عدم اجرائی سے واقف کرایا اور کہا کہ عیدالاضحی اتوار کو ہے اور اگر عید سے قبل اعزازیہ جاری کردیا جائے تو ائمہ اور مؤذنین کو عید کے اخراجات کی تکمیل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ تین ماہ کے اعزازیہ کیلئے تقریباً 15 کروڑ کی ضرورت ہے جس کے تحت 10 ہزار ائمہ اور مؤذنین کو تین ماہ کے بقایا جات ادا کئے جاسکتے ہیں۔ وزیر فینانس نے اس سلسلہ میں فوری کارروائی کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ ائمہ اور مؤذنین کو اعزازیہ کی اجرائی میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیئے۔ وہ اس سلسلہ میں محکمہ فینانس کے پرنسپل سکریٹری کو بجٹ کی اجرائی کیلئے ہدایت دیں گے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ عیدالاضحی سے قبل اعزازیہ کی اجرائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ تین ماہ سے اعزازیہ کی عدم اجرائی کے سبب ائمہ اور مؤذنین معاشی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ائمہ اور مؤذنین کو مساجد کی جانب سے انتہائی کم تنخواہ دی جاتی ہے جس سے ان کی ضرورتوں کی تکمیل نہیں ہوپاتی۔ یہی وجہ ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ائمہ اور مؤذنین کیلئے ماہانہ اعزازیہ کی اسکیم متعارف کی ہے تاکہ معاشی بوجھ کو کم کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ تین دن بعد عیدالاضحی ہے جس کی ضروریات کی تکمیل کیلئے ائمہ اور موذنین کو اعزازیہ کی رقم مددگار ثابت ہوسکتی ہے اور وہ اپنے بچوں کو عید کی خوشیاں دے سکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عید سے قبل اعزازیہ کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ر