وارڈ واری سطح پر عہدیداروں کی نگرانی ، صبح اور شام جی ایچ ایم سی کا عملہ مصروف عمل
حیدرآباد۔29اپریل(سیاست نیوز) سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم کے ساتھ ساتھ انتخابی عمل کا حصہ ووٹر سلپس کی تقسیم کا عمل بھی تیز ہونے لگا ہے اور دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے حدود میں بوتھ لیول آفیسرس کی جانب سے ووٹرسلپس کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی نگرانی میں جاری اس عمل کے لئے وارڈ واری اساس پر عہدیداروں کو نگرانی کا عمل تفویض کیا گیا ہے تاکہ وہ بوتھ واری اساس پر گھر گھر ووٹر سلپس کی تقسیم کا جائزہ لے سکیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں موجود حلقہ جات پارلیمان حیدرآباد و سکندرآباد میں جملہ 45لاکھ رائے دہندوں کو ووٹر سلپس پہنچانے کا عمل جاری ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ دونوں شہروں میں بوتھ لیول آفیسردن میں شدید دھوپ کے پپش نظر شام کے اوقات میں ووٹر سلپس کی تقسیم کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ عہدیدارو ںکے مطابق جی ایچ ایم سی کی جانب سے تمام رائے دہندوں تک لازمی ووٹر سلپس کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کئے جارہے ہیں اور ہر حلقہ اسمبلی میں ووٹر سلپس کی فراہمی کے سلسلہ میں سرگرم عملہ کو دن کے اوقات میں زیادہ مشقت نہ کرنے اور صبح کی اولین ساعتوں یا شام کے اوقات میں ووٹر سلپس کی تقسیم کاکام انجام دینے کی تاکید کی جار ہی ہے اور کہا جار ہا ہے کہ وہ اپنے ساتھ سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو نہ رکھیں کیونکہ اس بات کی شکایات موصول ہورہی ہیں کہ بوتھ لیول آفیسر اپنا کام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے حوالہ کرتے ہوئے اس ذمہ داری سے فرار اختیار کر رہے ہیں۔ ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں بھی شہر کے مختلف علاقوں سے اس بات کی شکایات موصول ہوئی تھیں کہ بوتھ لیول آفیسرس کی جانب سے اپنا کام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو تفویض کیا جارہا ہے یا سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو ساتھ رکھتے ہوئے ووٹر سلپ کی تقسیم عمل میں لائی جا رہی ہے ان شکایات کو نظر میں رکھتے ہوئے عملہ کو اس بات کی سخت تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں سے کوتاہی نہ کریں۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں جاری ووٹر سلپ کی تقسیم کے عمل سے متعلق اعلیٰ عہدیداروں نے بتایا کہ جاریہ ہفتہ کے اختتام سے قبل دونوں شہروں بالخصوص حلقہ جات پارلیمان حیدرآباد و سکندرآباد میں ووٹر سلپس کی تقسیم کے عمل کو مکمل کرلیا جائے گا اور تمام رائے دہندوں تک ووٹر سلپس پہنچادیئے جائیں گے اس کے علاوہ اگر کسی کو ووٹر سلپ موصول نہ ہو تووہ آن لائن بھی ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں اور اس سلپ کے ذریعہ بھی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکتے ہیں۔3