سید احسن ہاشمی سی ای او حج کمیٹی و سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی مقرر

   

محمد اسد اللہ کو عہدہ سے سبکدوش کردیا گیا ، شفیع اللہ سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود کے احکامات
حیدرآباد۔2۔جولائی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے جناب سید احسن ہاشمی ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشن کو اکزیکٹیو آفیسر تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی کے عہدہ پر نامزد کرنے کے احکام جاری کئے ہیں۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے جاری کئے گئے جی او آر ٹی نمبر78 میںجناب سید احسن ہاشمی کو تلنگانہ حج کمیٹی کی ذمہ داری کے ساتھ ڈائریکٹر تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے عہدہ کی ذمہ داری بھی تفویض کی گئی ہے۔ جی او میں جاری کئے گئے احکام میں واضح کیا گیا ہے کہ تلنگانہ حج کمیٹی کے اکزیکٹیو آفیسر کے عہدہ کی زائد ذمہ داری جناب محمد اسداللہ چیف اکزیکٹیو آفیسر تلنگانہ وقف بورڈ کے پاس تھی علاوہ ازیں تلنگانہ اردواکیڈیمی کے امور بھی محمد اسداللہ دیکھ رہے تھے ۔ ان دونوں ذمہ داریوں سے جناب محمد اسداللہ کو سبکدوش کرتے ہوئے یہ ذمہ داریاں جناب سید احسن ہاشمی کو تفویض کرنے کے احکام جاری کئے گئے ہیں۔سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب بی شفیع اللہ کی جانب سے جاری کئے گئے ان احکامات میں محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ سے خواہش کی گئی ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ جناب سید احسن ہاشمی کو فوری اثر کے ساتھ ان کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کیا جائے تاکہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کا جائزہ حاصل کرسکیں۔ تلنگانہ حج کمیٹی میں اکزیکٹیو آفیسر اور تلنگانہ اردو اکیڈیمی میں ڈائریکٹر سیکریٹری کے عہدہ پر جناب سید احسن ہاشمی کے تقررسے متعلق احکامات کی اجرائی کے بعد کہا جارہاہے کہ دونوں ہی اداروں کی کارکردگی میں بہتری لانے کے اقدامات کا آغاز ہوگا۔3/m/b