تلنگانہ کے واحد مسلم نوجوان قائد جنہیں قومی سطح پر یہ اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے
حیدرآباد، 19 نومبر (سیاست نیوز)صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی ملکارجن کھرگے نے آج ملک کی مختلف ریاستوں کیلئے اے آئی سی سی سکریٹریز کا اعلان کیا ہے ، جس میں تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے صدر نشین سید عظمت اللہ حسینی بھی شامل ہیں جنہیں پڑوسی ریاست کرناٹک کا انچارج سکریٹری نامزد کیا گیا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری و انچارج تنظیمی امور کے سی وینوگوپال نے اس سلسلے میں باقاعدہ احکامات جاری کر دیے ہیں۔واضح رہے کہ سید عظمت اللہ حسینی متحدہ آندھرا پردیش این ایس یو آئی (NSUI) کے صدر رہ چکے ہیں اور یوتھ کانگریس میں بھی انہوں نے فعال خدمات انجام دی ہیں۔ آل انڈیا یوتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے علاوہ کئی ریاستوں میں انہوں نے انچارج سکریٹری کی حیثیت سے بھی کام کیا ہے جبکہ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میں بھی متعدد اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ سید عظمت اللہ حسینی تلنگانہ کے واحد مسلم نوجوان قائد ہیں جنہیں اے آئی سی سی میں سکریٹری انچارج کرناٹک نامزد کیا گیا ہے۔سید عظمت اللہ حسینی زمانہ طالب علمی سے ہی عوامی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں اور انہوں نے کانگریس پارٹی سے وابستہ ہو کر اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کیا۔ ان کی تنظیمی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد انہیں ریاستی وقف بورڈ کا صدر نشین نامزد کیا گیا۔ اس کے علاوہ وہ پارٹی کے ضلعی کانگریس صدور کے انتخاب میں بھی اہم رول ادا کر چکے ہیں جبکہ پارٹی ہائی کمان نے انہیں چھ ریاستوں کا انچارج بھی مقرر کیا تھا جہاں انہوں نے اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں۔ انہی تمام خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے کانگریس ہائی کمان نے انہیں اب کرناٹک جیسی اہم ریاست کا اے آئی سی سی انچارج سکریٹری مقرر کیا ہے۔2