سیکوریٹی فراہم کرنے سابق وزیر سرینواس گوڑ کی درخواست ہائی کورٹ میں مسترد

   

حیدرآباد۔/5 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے سابق وزیر سرینواس گوڑ کی درخواست کو مسترد کردیا جس میں انہوں نے اضافی گن مین سیکوریٹی کیلئے الاٹ کرنے کی درخواست کی تھی۔ سرینواس گوڑ جو بی آر ایس حکومت میں اکسائیز اور سیاحت کے وزیر تھے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے انہیں 4+4 گن مین سیکوریٹی فراہم کرنے کی اپیل کی۔ ہائی کورٹ نے واضح کردیا کہ ہر ایک کیلئے سیکوریٹی الاٹ کرنا ممکن نہیں ہے۔ عدالت نے ڈائرکٹر جنرل پولیس کو ہدایت دی کہ اس بات کا جائزہ لیں کہ سرینواس گوڑ کو سیکوریٹی کی ضرورت ہے یا نہیں، اس کے بعد ہائی کورٹ میں جوابی حلفنامہ داخل کیا جائے۔ سرینواس گوڑ نے شکایت کی کہ انہیں خطرہ ہے لہذا وہ 4+4 سیکوریٹی چاہتے ہیں۔ سماعت کے بعد ہائی کورٹ نے کہا کہ ہر ایک کیلئے اس قدر سیکوریٹی فراہم کرنا ممکن نہیں ہے۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت 19 مارچ کو مقرر کی گئی جس میں ڈی جی پی کے حلفنامہ کی بنیاد پر فیصلہ سنایا جائے گا۔1