آرام گھر علاقہ میں دلخراش سڑک حادثہ ،شادی کا گھر ماتم کدہ میں تبدیل
حیدرآباد : /17 ستمبر (سیاست نیوز) شادی کی تیاریوں میں مصروف باپ اور بیٹی سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئے ۔ یہ دلخراش اور دل دہلادینے والا حادثہ پرانے شہر کے علاقہ آرام گھر میں پیش آیا ۔ اس حادثہ کے سبب افراد خاندان پر سکتہ طاری ہوگیا اور شادی کا گھر ماتم کدہ میں تبدیل ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سلیمان نگر علاقہ کے ساکنان 45 سالہ محمد اسماعیل خاں اور ان کی دختر 24 سالہ بشریٰ بیگم موٹر سیکل پر آرام گھر علاقہ سے گزررہے تھے کہ ایک تیز رفتار بے قابو ٹپر نے انہیں ٹکر دے دی اور دونوں ہلاک ہوگئے ۔ عینی شاہدین اور مقامی عوام نے انہیں فوری ہاسپٹل منتقل کیا ۔ ذرائع کے مطابق اسماعیل خاں برسر موقع ہلاک ہوگئے جبکہ شدید زخمی بشریٰ بیگم ہاسپٹل منتقل کرنے کے دوران زخموں سے جانبر نہ ہوسکیں ۔ باپ اپنی بیٹی کی شادی کی خریداری میں مصروف تھا ۔یہ بھی اطلاع ہے کہ وہ رقعے تقسیم کرکے واپس ہورہے تھے۔ ذرائع کے مطابق بشریٰ بیگم کی شادی طئے ہوچکی تھی اور /2 اکٹوبر کو نکاح مقرر تھا ۔ اس حادثہ میں ہونے والی دلہن اور ان کے والد کی ہلاکت نے افراد خاندان کو غم میں ڈبودیا ۔اس حادثہ پر شہریوں میں بھی شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔ سڑک حادثہ کے مقام پر دلخراش مناظر کو دیکھ کر عوام نے شدید برہمی کا اظہار کیا ۔ مائیلاردیوپلی پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع