سری نگر، 21 ستمبر (یو این آئی) بی جے پی جموں وکشمیر کے سابق صدر اور سینئر لیڈر رویندر رینہ کا کہنا ہے کہ کشمیر میں سیب برباد ہوا ہے اور اس مشکل وقت میں پورا ملک کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت بحال ہوئی ہے اور سیب سے لدی ٹرکوں کو ترجیحی بنیادوں پر چلنے کی اجازت دی جا رہی ہے ۔موصوف صدر نے اتوار کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں جبلی پورہ فروٹ منڈی کا دورہ کیا اور وہاں میوہ کو ہوئے نقصان کا جائزہ لیا۔انہوں نے اس موقع پر نامہ نگاروں کو بتایاکہ’سیب بر باد ہوا ہے ، کشمیر بر باد ہوا ہے ، اس وقت سیاست کرنے کے بجائے لوگوں کو مدد کرنے کی ضرورت ہے ‘۔
کشمیر میںباغبانوں کی محنت ضائع نہیں ہوگی
سری نگر،21ستمبر(یو این آئی) جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ فروٹ گروورس کو قومی شاہراہ کی بندش کے سبب جو نقصان ہوا ہے ، اس کا تخمینہ لگا کر انہیں بھرپور معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ باغبانوں کی محنت ضائع نہیں ہونے دی جائے گی اور حکومت ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قومی شاہراہ اس وقت معمول کے مطابق گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے کھلی ہے ۔ انہوں نے وضاحت دی کہ اگرچہ تقریباً 300 میٹر کا حصہ ڈھہ جانے کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی، تاہم اگلے چند روز میں اس پر بلیک ٹاپنگ مکمل کی جائے گی۔ ان کے مطابق فی الوقت شاہراہ پر کسی بھی گاڑی کو روکے جانے کی اطلاع نہیں ہے ۔