وقف بورڈ کی ہدایت نظر انداز ۔ ہائی وے اتھاریٹی کی کارروائی پر مسلمانوں میں ناراضگی
حیدرآباد۔/24 جولائی، ( سیاست نیوز) شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ کے راستہ میں سڑک کی توسیع کیلئے نیشنل ہائی وے اتھاریٹی حکام نے غیر قانونی طور پر ایک مسجد کی باؤنڈری وال اور متصل ملگیات کو اچانک منہدم کرتے ہوئے سڑک میں شامل کردیا۔ شمس آباد میں واقع مسجد نوری کی اراضی حاصل کرنے کیلئے نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کی جانب سے طویل عرصہ سے مساعی کی جارہی ہے لیکن وقف بورڈ نے انہدام کے خلاف احکامات جاری کئے تھے۔ مسجد سے متصل ملگیات اور باؤنڈری سے لگے ہوئے وضو خانے کی اراضی کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔ کل سہ پہر نیشنل ہائی وے اتھاریٹی حکام نے بتایا جاتا ہے کہ پولیس کی نگرانی میں اچانک انہدامی کارروائی انجام دی اور ملبہ کو صاف کردیا۔ مسجد کمیٹی نے سابق میں ہائی وے اتھاریٹی حکام کے ساتھ اجلاس میں انہدام کی مخالفت کی تھی۔ 26 اگسٹ 2021 کو وقف بورڈ میں اجلاس منعقد کیا گیا تھا۔ شمس آباد کے علاقہ میں مسلم قبرستان اور مسجد کی اراضی حاصل کرنے کی کوششوں کی مخالفت کی گئی۔ سڑک کی توسیع کے لئے مسجد اور قبرستان کی اراضی کو استعمال کے خلاف کارروائی کا انتباہ دیا گیا۔ وقف بورڈ کی جانب سے نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مسجد کے انہدام سے باز رہنے کی ہدایت دی گئی۔ نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے لینڈ ایکویزیشن آفیسر کی جانب سے جو نوٹس جاری کی گئی تھی اس سے دستبرداری کی ہدایت دی گئی باوجود اس کے نیشنل ہائی وے اتھاریٹی نے یکطرفہ کارروائی انجام دی اور مسجد کی باؤنڈری اور ملگیات کو منہدم کردیا۔ مختلف مسلم تنظیموں اور جماعتوں کے ذمہ داروں نے علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے انہدامی کارروائی پر احتجاج کیا۔ر