شہر اور اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری، مزید تین دن بارش کی پیش قیاسی

,

   

عثمان ساگر کے تین گیٹس بند ، بجلی گرنے سے دو افراد ہلاک۔ کار و آٹو پانی میں بہہ گئے ‘ کاماریڈی میں 200 مزدور پانی میں پھنس گئے،سوریاپیٹ میں اسکول بس پانی میں پھنس گئی
حیدرآباد/28 جولائی، ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد، مضافات اور اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دن بارش بالخصوص ہفتہ کو ریاست میں حد سے زیادہ بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ بجلی گرنے سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔ ایک کار اور ایک آٹو پانی میں بہہ گئے۔ کئی مقامات پر مزدور پانی میں پھنسے ہوئے ہیں۔ پولیس، ریسکیو ٹیموں اور مقامی عوام ایک دوسرے سے تعاون و اشتراک کرکے پانی میں محصور عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہے ہیں۔ شہر کے مضافات میں بارش کسی قدر کم ہونے سے جڑواں ذخائر آب عثمان ساگر اور حمایت ساگر میں پانی کا بہاؤ کم ہوا ہے جس کی وجہ سے حکام نے عثمان ساگر کے تین گیٹس کو بند کردیا ہے تاہم بدستور پانی خارج ہورہا ہے۔ موسیٰ ندی میں سیلاب کا جو خطرہ تھا وہ اب ٹل گیا ہے۔ چادرگھاٹ اور اس سے متصل جو بستیاں ہیں جہاں سے 2000 گھروں کا تخلیہ کردیا گیا تھا وہاں کی چند بستیوں میں پانی کی نکاسی ہوئی، چند بستیاں ہنوز پانی میں محصور ہیں اور عوام مسائل سے دوچار ہیں۔ جن بستیوں سے پانی کی نکاسی ہوئی وہاں کیچڑ، کچرا اور غلاظت ہر طرف پھیلی ہوئی ہے۔ جی ایچ ایم سی کا عملہ سڑکوں کی صفائی کررہا ہے اور عوام کو اپنے گھروں کی صفائی کی ہدایت دی گئی ۔ عوام بستیوں میں پہنچ کر گھروں کی صفائی کررہے ہیں۔ گھروں میں پانی داخل ہوجانے سے اشیائے ضروریہ اور بچوں کی کتابیں وغیرہ سب کچھ بھیگ کر ناکارہ ہوگئے ہیں۔ کیچڑ سے پانی آلودہ ہوجانے سے عوام کو نلوں کا پانی استعمال نہ کرنے کی ہدایت دی جارہی ہے اور حیدرآباد واٹر ورکس کی جانب سے ان متاثرہ علاقوں میں ٹینکرس سے پینے کا پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ موسیٰ رام باغ برج کو آج بھی عوام کیلئے بند رکھا گیا ہے۔ بڑے پیمانے پر صفائی کرنے کے ساتھ مرمتی کام بھی کئے جارہے ہیں۔ جمعہ سے یہ برج عوام کیلئے کھول دیئے جانے کا امکان ہے۔ ضلع ناگر کرنول کے سرسہ واڑہ کے قریب دوندوبھی ندی میں آٹو بہہ گیا جس سے آٹو میں موجود دو افراد کو مقامی عوام نے رسیوں کی مدد سے کنارے تک پہنچایا اور ایک مقام پر کار پانی میں بہہ گئی ڈرائیور نے کود کر اپنی جان بچالی۔ ضلع کاماریڈی میں زرعی کاموں کیلئے روانہ ہوئے تقریباً 200 مزدور پانی میں پھنس گئے ۔ بھیمیشور ندی کے پانی کے بہاؤ میں تیزی پیدا ہوگئی ۔ مزدوروں کی چیخ و پکار پر پولیس اور فائر انجن عملے کے علاوہ ریسکیو ٹیم کے ارکان نے جے سی بی کی مدد سے ان کو ایک کنارے سے دوسرے کنارے پہنچایا۔ ضلع سوریہ پیٹ کے آتما کور منڈل کے ناٹیم پیٹ کے پاس لولیول برج سے پانی بہہ رہا تھا جس میں اسکول کی بس پھنس گئی جس میں 24 طلبہ سوار تھے۔ برج کے درمیان میں پہنچنے کے بعد بس کا انجن ناکارہ ہوگیا اسی وقت وہاں سے گذرنے والے سابق وزیر رام ریڈی دامودھر ریڈی نے اپنے کارکنوں اور مقامی عوام کی مدد سے بس کو کنارے پر پہنچایا جس کے بعد پولیس نے اس برج کو عوام کیلئے بند کردیا۔ ضلع کمرم بھیم آصف آباد کے تیج پور منڈل میں زرعی سرگرمیوں میں مصروف دو افراد پر بجلی گرنے سے 38 سالہ وی سنتوش اور 36 سالہ سنتوشی کی موت واقع ہوگئی۔ آج شہر حیدرآباد کے مختلف مقامات مادھا پور، شیخ پیٹ، ٹولی چوکی، رائے درگم، گنڈی پیٹ، راجندر نگر، قسمت پور، بنڈلہ گوڑہ جاگیر کے علاقوں میں زبردست بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ عطا پور، شیو رام پلی میں ژالہ باری ہوئی۔ کوکٹ پلی، ایلماں بنڈہ، گولکنڈہ اور دوسرے علاقوں میں بارش سے ٹریفک مسائل پیدا ہوئے۔ جیڈی میٹلہ ، قطب اللہ پور، چنتل، گاجولا رامم، سچترا، آلوین کالونی، حیدر نگر، نظام پیٹ، پرگتی نگر، باچو پلی اور کومپلی میں دھواں دھار بارش ہوئی ہے۔ ماریڈ پلی، رانی گنج، سکندرآباد، بوئن پلی، ترملگیری، بلارم، بیگم پیٹ، پیزاڈیز، چلکل گوڑہ میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش سے شیخ پیٹ کی سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں ۔ اضلاع کریم نگر، جگتیال، نظام آباد، محبوب نگر و دیگر اضلاع میں زبردست بارش ہوئی ہے۔ ن