عنقریب مزید 44 سگنلس دستیاب ہوں گے ، ٹریفک مسائل کی یکسوئی ، محفوظ سفر کو یقینی بنانے کی مساعی
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : جی ایچ ایم سی کی جانب سے شہر میں بڑھتی ہوئی ٹریفک مسائل و حادثات کی روک تھام اور سفر کو محفوظ بنانے کے لیے مختلف مقامات پر نئے ٹریفک سگنلس لگائے جارہے ہیں ۔ شہر کے مختلف مقامات پر ایڈاپٹیڈ ٹریفک سگنل کنٹرول ( اے ٹی ایس سی ) لگاتے ہوئے پیدل چلنے والوں کو حادثات سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس معاملے میں پیلکان سسٹم کے ذریعہ سگنلس لگائے جارہے ہیں جس سے سگنلس کو سنٹر لائزڈ کنٹرول کرنے ، ٹریفک کے مطابق سگنل کے وقت کو تبدیل کرنے کی سہولت ہوگی ۔ ساتھ ہی ٹریفک کو کیمرے میں ریکارڈ کرنے کا سنسر بھی نصب کیا جارہا ہے ۔ پاور بیک اپ کے لیے سولار ، بیاٹری کو بھی نصب کیا جارہا ہے۔ جی ایچ ایم سی کے حدود میں مختلف طریقوں سے جملہ 384 سگنلس لگانے کا نشانہ مختص کیا گیا ہے ۔ جس میں ایچ ٹریمس کے تحت 234 اے ٹی ایس سی سسٹم کے تحت 150 لگانے کی تجویز تیار کی گئی ۔ تاہم مختلف وجوہات یوٹرن ، فلائی اوورس اور سائیٹ فبلیٹی نہ ہونے کی وجہ سے 50 سگنلس کو نکال دیا گیا ۔ ماباقی 334 سگنلس میں 212 ایچ ٹریمس 122 اے ٹی ایس سی سگنلس قائم کرنا تھا ۔ جس میں فی الحال 199 ایچ ٹریمس 73 اے ٹی ایس سی کے ذریعہ جملہ 179 سگنلس قائم کئے گئے ہیں ۔ مزید 44 سگنلس کا قیام مختلف مراحل میں ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مزید 18 مقامات کی نشاندہی کرنا باقی ہے ۔ ان سگنلس کے قیام کے بعد شہر میں 334 سگنلس کے قیام کا عمل مکمل ہوجائے گا ۔ سگنلس کی تنصیب کے لیے محکمہ پولیس کے عہدیداروں کی جانب سے پول مارنگ لوکیشنس کی نشاندہی کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی کو سفارش کی جاتی ہے ۔ پولیس کی تجویز اور مشورے پر جی ایچ ایم سی کی جانب سے سگنلس کا انتظام کیا جاتا ہے ۔ جاریہ مالیاتی سال شہر میں ایڈاپٹیڈ ٹریفک کنٹرول سسٹم کے ذریعہ 96 سگنلس اور پیلکان سسٹم کے مزید 70 سگنلس لگانے کی تجویز ہے ۔۔ ن