مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کے باوجود وبائی امراض میں اضافہ باعث تشویش
حیدرآباد۔19۔نومبر (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں مچھروں کی کثرت نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے شہر کے مختلف علاقوں میں مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ شروع کیا ہے لیکن اس کے باوجود کئی علاقوں میں مچھروں کی کثرت کے سبب وبائی امراض میں تیزی سے اضافہ کا خدشہ ہے۔ بتایا جاتاہیکہ شہر کے علاقوں بالخصوص پرانے شہر میں مچھر کش ادویات کے عدم چھڑکاؤ کی بناء پر مچھروں کی افزائش سے مکینوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا ہے۔ شہر کے کئی محلہ جات بالخصوص گنجان آبادیوں کے عوام کا کہناہے کہ مچھروں کے ساتھ ساتھ اب ایسے کیڑے اور پتنگے فضائوں میں گھوم رہے ہیں جو نیند خراب کرنے کے علاوہ گھر کے باورچی خانوں میں موجود اشیائے خوردو نوش کو بھی متاثر کرنے لگے ہیں۔ ماہرین کے مطابق گھروں میں ان کے داخل ہونے کو روکنے کی مکیں کوشش کر رہے ہیں جبکہ کئی گھرانوں میں مچھر بتی کا استعمال عام ہونے سے بچوں اور بزرگوں میں تنفس کے عوارض پیدا ہونے لگے ہیں اور جن گھروں میں ایسا نہیں کیا جاتا ان میں وائرل امراض میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ٹولی چوکی ‘ قلعہ گولکنڈہ ‘ بندلہ گوڑہ ‘ فلک نما ‘ تالاب کٹہ ‘ عیدی بازار‘ رین بازار ‘ سنتوش نگر ‘ چندرائن گٹہ ‘ بارکس ‘ نامپلی ‘ ریڈ ہلز ‘ راجندر نگر ‘ کوکٹ پلی کے علاوہ پرانے شہر کے کئی علاقوں میں مچھروں کی کثرت سے وبائی امراض میں اضافہ ہورہاہے۔ ڈاکٹرس کا کہناہے کہ موسم سرما میں مچھروں کی افزائش سے نمٹنے کیلئے مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ اور سڑکوں پر جمع پانی کی صفائیضروری ہے۔ دونوں شہروں کی گنجان آبادیوں میں عوام میں شعور بیداری کے ساتھ انہیں گندگی سے محفوظ رکھنے کیلئے روزانہ کی اساس پر صفائی کے اقدامات کئے جانے چاہئے تاکہ مچھروں کے ذریعہ گھروں تک پہنچنے والی گندگی اور امراض کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کے مطابق دونوں شہروں کے کئی مقامات پر صفائی کے ناقص انتظامات اور کچہرے کے انبار سے نکلنے والے گندے پانی کے سبب مچھروں کی افزائش میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور اس پر قابو پانے کے لئے محض مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ کافی نہیں ہے بلکہ روزانہ کی اساس پر کچہرے کی صفائی کو یقینی بنایا جانا چاہئے ۔3