شہر کی ٹریفک کو باقاعدہ اور سگنلس سے پاک بنانے کا منصوبہ

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کی پارلیمانی اسٹانڈنگ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات، مختلف امور پر بات چیت
حیدرآباد۔9۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ شہر حیدرآباد کو ٹریفک سے پاک اور سگنل سے پاک شہربنانے کے علاوہ شہر کو عالمی سطح کے شہرکے طور پر ترقی دینے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے آج سیکریٹریٹ میں پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کے دوران شہر حیدرآباد کی ترقی کے لئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے تیار کئے گئے جامع منصوبہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت شہری علاقوں کی ترقی کے ذریعہ بہتر امکنہ کی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ شہر کو حاصل ہونے والی وسعت اور بڑھتی ہوئی ٹریفک کو دیکھتے ہوئے مستقبل کی منصوبہ بندی کے ذریعہ اپنے شہریوں کو سہولتوں کی فراہمی عمل میں لانے کے اقدامات میں مصروف ہے۔ مسٹر اے ریونت ریڈی نے شہر حیدرآباد کو عالمی شہروں کی فہرست میں منفرد شناخت دلوانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات اور موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت عالمی سیاحوں کو راغب کرنے کے علاوہ اپنے پاس موجود وسائل کے ذریعہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی یقینی بنانے کے منصوبہ کے تحت کام کر رہی ہے۔ انہو ںنے پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی کے اراکین کو بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جدید عالمی شہر آباد کرنے کے لئے تیار کئے گئے اپنے منصوبہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت مستقبل کی ترقی ‘ شہری منصوبہ بندی کے لئے مستقبل کے چیالنجس کو نظر میں رکھتے ہوئے علاقہ کو شہریانے کے بنیادی ڈھانچے میں تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت نے شہری علاقوں بالخصوص حیدرآباد میں ٹریفک کو بہتر بنانے کے لئے انڈر پاس‘ سرفیس روڈ کے علاوہ ایلیویٹڈ کاریڈور کی تعمیر کے ذریعہ ٹریفک اور سگنل سے پاک ٹریفک نظام تیار کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے اور اس پر عمل کرنے کے اقدامات کو تیز کردیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے سڑکوں کی توسیع اور تعمیر کو ٹریفک نظام کو بہتر بنانے میں ایک حد تک معاون قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک ملک میں بہترملٹی ٹرانسپورٹ سسٹم تیار کرتے ہوئے متعارف نہیں کیا جاتا اس وقت تک ٹریفک کے مسائل کو مکمل طو رپر حل نہیں کیا جاسکتا اس کے علاوہ ملک بھر میں خاص طور پر شہری علاقوں میں ملٹی لیول پارکنگ سہولتوں کو شروع نہیں کیا جاتا اس وقت تک پارکنگ کے مسائل کو حل نہیں کیاسکتا۔ مسٹر اے ریونت ریڈی نے شہر حیدرآباد میں ملٹی لیول پارکنگ سہولتوں کے آغاز اور زیر تعمیر پراجکٹس کی تفصیلات سے بھی پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی کے اراکین کو واقف کروایا ۔ انہو ںنے ریاست کی جامع ترقی کے لئے حکومت کی جانب سے تیار کئے گئے نئے منصوبہ PURE,CURE اور RARE کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ریاست کو تین مختلف زمروں میں تقسیم کرتے ہوئے ان علاقوں کی نوعیت کے اعتبار سے ان علاقوں میں پارجکٹس کے آغاز اور ترقی کے منصوبوں کی تیاری کے متعلق واقف کروایا ۔انہو ںنے کہا کہ موسیٰ ندی کو خوبصور ت بنانے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کا مقصد محض علاقہ میں سیاحوں کو راغب کرتے ہوئے تجارتی مراکز و روزگار سے جوڑنا نہیں ہے بلکہ اس پراجکٹ کے ذریعہ ریاستی حکومت موسیٰ ندی کے اطراف کے طاس کو شہر حیدرآباد کی تہذیب سے مربوط کرنے کے اقدامات کرے گی۔H/M3
انہو ںنے آؤٹر رنگ روڈ کے حدود میں چلائے جانے والے آٹو رکشا میں مفت ریٹروفٹ کٹس کی تنصیب کے ذریعہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے شہر حیدرآباد کو آلودگی سے پاک بنانے کے مقصد کے تحت ہی آرٹی سی میں الکٹرک بسوں کی خریدی کو فروغ دینے کے اقدامات کئے ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے تمام شعبہ جات کی ترقی اور طبقات کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔3