ممبئی: مہاراشٹرا کے پالگھر ضلع کے موجودہ ایم ایل اے اور وزیر اعلی ایکناتھ شندے کے گروپ کے لیڈر سرینواس وانگا بغیر کسی اطلاع کے اپنے گھر سے نکلنے کے بعد 13 گھنٹے سے زیادہ وقت سے لاپتہ ہیں۔ ذرائع نے منگل کو بتایا کہ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا جب وانگا آئندہ مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کیلئے پارٹی کی طرف سے ٹکٹ نہ دینے پر مایوس تھے ۔ بی جے پی کے آنجہانی رکن پارلیمنٹ چنتامن وانگا کے بیٹے سری نواس نے پارٹی کی تقسیم سے قبل شیوسینا کے امیدوار کے طور پر 2019 کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔
بعد میں وہ ادھو ٹھاکرے کی قیادت کے خلاف بغاوت کے دوران شندے کے گروپ میں شامل ہو گئے ۔ پارٹی نے ہفتے کے آخر میں اپنے امیدواروں کا اعلان کیا اور پالگھر کی نمائندگی کیلئے سابق ایم پی راجندر گاویت کا انتخاب کیا اور وانگا کو ٹکٹ دینے سے انکار کردیا۔ پارٹی کے فیصلے کے بارے میں جاننے کے بعد وانگا نے ایک ٹی وی انٹرویو میں شندے کے ساتھ اپنے اتحاد پر افسوس کا اظہار کیا اور اسے ‘بڑی غلطی’ قرار دیا۔ اس دوران انہوں نے ٹھاکرے کو دیو مانس یعنی بھگوان جیسا آدمی) بتایا تھا۔