صحافی محمد زبیر کو ایک اور کیس میں ملی ضمانت

   

نئی دہلی : آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کو ایک اور کیس میں ضمانت مل گئی۔ دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے انہیں ایک ایسے کیس میں ضمانت دے دی ہے جس میں ان پر ایک طبقہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے لیے ٹویٹ کا الزام عائد ہے۔ عدالت نے ضمانت منظور کرتے ہوئے ہدایت دی کہ وہ 50 ہزار روپے کے شخصی مچلکہ کے ساتھ ملک سے باہر نہ جائیں۔ تاہم، زبیر جیل میں ہی رہیں گے کیونکہ انھیں اتر پردیش میں درج دو دیگر مقدمات میں ضمانت نہیں ملی ہیدریں اثنا، محمد زبیر نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا کہ اتر پردیش پولیس کی طرف سے ان کے خلاف درج 6 مقدمات کو خارج کر دیا جائے۔ زبیر کے خلاف یوپی کے مظفر نگر، غازی آباد، سیتا پور، لکھیم پور اور ہاتھرس میں چھ ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ انہوں نے سپریم کورٹ میں اپنے خلاف زیر التوا مقدمات کی تحقیقات کے لیے یوپی پولیس کی جانب سے خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی تشکیل کو بھی چیلنج کیا۔ایس آئی ٹی کی سربراہی انسپکٹر جنرل آف پولیس پریت اندر سنگھ کر رہے ہیں۔ 27 جون کو، دہلی پولیس نے زبیر کو ایک شخص کی طرف سے درج شکایت پر گرفتار کیا کہ انہوں نے 2018 میں ایک طبقہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر ٹویٹ کیا تھا۔