صحافیوں کو دھمکی دینے والے ایرانی سفارتکار کی طلبی

   

لندن : برطانیہ کا کہنا ہے کہ تہران کی جانب سے صحافیوں کو جان سے مارنے کی باوثوق مخصوص دھمکیاں ملی ہیں۔ یہ اطلاع اسی روز سامنے آئی جب اسکاٹش حکام نے ایک نوجوان ایرانی پہلوان کو بھی دھمکیاں ملنے کے بعد اپنے تحفظ میں لے لیا۔ برطانیہ میں مقیم جلا وطن ایرانی صحافیوں کو جان سے مارنے کی دھمکیوں کے بعد برطانوی حکام نے جمعہ کے روز لندن میں ایران کے اعلیٰ سفارت کار کو طلب کر لیا۔ برطانوی وزیر خارجہ جیمس کلیورلی نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ میں نے آج ایرانی ناظم الامور کو اس وقت طلب کیا جب برطانیہ میں کام کرنے والے صحافیوں کو ایران کی جانب سے فوری طور پر جان کو لاحق خطرات کا سامنا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم برطانیہ میں رہنے والے کسی بھی شخص کو بیرونی ملکوں کی جانب سے کسی طرح کے خطرات اور دھمکیوں کو برداشت نہیں کرتے۔