صرف 7کروڑ کی ہارر فلم آبسیشن کی دنیا بھر میںدھوم

   

نیویارک، 2 جون (ایجنسیز) فلمی دنیا میں بعض اوقات کم بجٹ کی فلمیں بھی ایسے کارنامے انجام دیتی ہیں جو بڑے بڑے اسٹوڈیوز اور سوپر اسٹارزکی مہنگی ترین فلمیں نہیں کر پاتیں۔ ہالی ووڈ کی نئی ہارر فلم آبسیشن بھی ایسی ہی ایک فلم بن کر سامنے آئی ہے، جس نے دنیا بھر میں تہلکہ مچا دیا ہے۔ تقریباً 7 کروڑ روپے کے بجٹ سے تیار کی گئی اس فلم نے عالمی باکس آفس پر100 ملین ڈالر سے زائد کی کمائی کرکے فلمی صنعت کو حیران کردیا ہے۔ غیر معمولی منافع اور زبردست عوامی ردعمل کے باعث یہ فلم سوشل میڈیا پر مسلسل ٹرینڈکر رہی ہے اور ہارر فلموں کے شائقین کے درمیان بہت زیادہ مقبول ہو چکی ہے۔ فلم کی ہدایت کاری نوجوان فلم سازکری بارکر نے کی ہے، جو اس سے قبل یوٹیوب پر اپنے منفرد تخلیقی کام کی وجہ سے شہرت رکھتے تھے۔ آبسیشن ایک نفسیاتی اور مافوق الفطرت ہارر فلم ہے، جس کی کہانی ایک نوجوان بیئر کے گرد گھومتی ہے۔ وہ اپنی دوست نکی کی محبت حاصل کرنے کے لیے ایک پراسرار جادوئی کوشش کا سہارا لیتا ہے، لیکن اس کے بعد اس کی زندگی خوفناک واقعات کی زد میں آجاتی ہے۔ فلم میں محبت، جنون، خواہشات اور ان کے خطرناک نتائج کو خوفناک انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ناظرین اسے محض ایک ڈراؤنی فلم نہیں بلکہ ایک نفسیاتی تھرلر بھی قرار دے رہے ہیں۔ آبسیشن میں مائیکل جانسٹن اورانڈی ناواریتے نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔ دونوں اداکاروں کی اداکاریکو ناقدین اور ناظرین کی جانب سے بھرپور سراہا جا رہا ہے۔ فلم کی کہانی، ماحول، سسپنس اور خوف پیدا کرنے کے منفرد انداز نے اسے دیگر روایتی ہارر فلموں سے ممتاز بنادیا ہے۔ فلم کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس نے اپنے بجٹ سے کئی گنا زیادہ کمائی کی ہے اور سال 2026 کی سب سے کامیاب کم بجٹ فلموں میں شمارکی جا رہی ہے۔ فلمی ناقدین کے مطابق آبسیشن نے ثابت کردیا ہے کہ کامیابی کے لیے صرف بھاری بجٹ یا بڑے ستاروں کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ مضبوط کہانی اور مؤثر پیشکش بھی ناظرین کو سینما گھروں تک کھینچ سکتی ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی فلم کے مختلف مناظر، کہانی کے موڑ اور اختتام پر بھرپور بحث جاری ہے۔