طلبہ کیلئے حیدرآباد سے مضافاتی علاقوں کو اضافی بس سرویسس کا فیصلہ

   

منیجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی سجنار کا اعلیٰ سطحی اجلاس، مصروف ترین روٹس پر زائد ٹرپس کی جائیں گی
حیدرآباد۔/26 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر وی سی سجنار نے شہر کے مضافاتی علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کیلئے زائد بس سرویسس کی خدمات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی بحفاظت تعلیمی اداروں کو روانگی کیلئے آر ٹی سی کی اضافی 100 ٹرپس چلائی جائیں گی۔ سجنار نے اسکولی طلبہ کیلئے اضافی بس سرویس کے انتظامات پر گریٹر حیدرآباد زون کے عہدیداروں کے ساتھ بس بھون میں جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ مضافاتی علاقوں میں طلبہ کے ہجوم سے نمٹنے کیلئے اضافی خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ طلبہ کی تعداد کے مطابق بس سرویسس کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو بحفاظت تعلیمی اداروں تک پہنچانا آر ٹی سی کی سماجی ذمہ داری ہے اور ہم اس ذمہ داری کی تکمیل پر قائم ہیں۔ حیدرآباد کے مضافاتی علاقوں میں واقع کالجس کو روانہ ہونے والے طلبہ کی سہولت کیلئے آر ٹی سی نے تمام انتظامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواحی علاقوں میں 12 کاریڈار کو تقسیم کرتے ہوئے 350 بسیں چلائی جارہی ہیں۔ ابراہیم پٹنم کلسٹر پر طلبہ کے ہجوم سے نمٹنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس راہداری پر موجود کالجس کو تقریباً 44 ہزار طلبہ سفر کرتے ہیں ان میں سے زیادہ تر آر ٹی سی بس پاس رکھتے ہیں لہذا گذشتہ ہفتہ سے روزانہ 8 اضافی ٹرپ کئے جارہے ہیں۔ سجنار نے عہدیداروں سے کہا کہ جن علاقوں میں بھی طلبہ کے لئے زائد بسوں کی ضرورت ہے ان کا انتظام کیا جائے۔ ابراہیم پٹنم راہداری پر 30 اضافی ٹرپ چلانے کی ہدایت دی گئی۔ حیدرآباد میں جاریہ تعلیمی سال کے اختتام تک 500 الیکٹرک بسیں آر ٹی سی کے پاس دستیاب رہیں گی۔ اس کے علاوہ طلبہ کیلئے خصوصی بسوں کا انتظام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے نواح میں واقع تعلیمی اداروں کے طلبہ کیلئے اضافی سرویسس فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب طلبہ کیلئے خصوصی بسیں دستیاب رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے فٹ بورڈس پر سفر کرنے سے دیگر مسافرین کو مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں لہذا طلبہ کو چاہیئے کہ وہ آر ٹی سی حکام سے تعاون کریں۔ سجنار نے کہا کہ آر ٹی سی کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ بعض طلبہ جان بوجھ کر بسوں میں جگہ کی دستیابی کے باوجود فٹ بورڈ پر سفر کرتے ہیں انہیں چاہیئے کہ وہ آر ٹی سی حکام سے تعاون کریں اور موجود نشستوں پر سفر کریں۔ اجلاس میں آر ٹی سی کے ایگزیکیٹو ڈائرکٹر ( آپریشن ) پی وی منی شیکھر، چیف کنٹرولنگ منیجر کرشنا کانت، سی ٹی ایم جیون پرساد، چیف انجینئر آئی ٹی راج شیکھر، حیدرآباد و سکندرآباد کے ریجنل منیجر ورا پرساد، وینکنا کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ر