طویل عرصہ سے بند ایرپورٹ کو دوبارہ کھولا جائے گا

   

اگرتلہ: شمال مشرقی علاقائی جوائنٹ جنرل منیجر دیبادلال چودھری کی قیادت میں ائیرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (اے اے آئی) کے 11 رکنی وفد نے تریپورہ کے انوکوٹی ضلع میں طویل عرصے سے بند کیلاشہر ہوائی اڈے کا دورہ کیا۔وفد کے رکن کے دورہ کے بعد ریاستی انتظامیہ کے ساتھ ہوائی اڈے کو دوبارہ کھولنے کیلئے میٹنگ بھی کی گئی۔تریپورہ حکومت کا مقصد ریاست کے شمالی حصے ، جنوبی آسام، مغربی میزورم اور بنگلہ دیش کے شمالی سرحدی قصبوں سے آنے والے مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے کیلاشہر سے گوہاٹی اور کولکتہ کے ذریعے سلچر اور اگرتلہ تک علاقائی رابطے کو بحال کرنا ہے ۔اے اے آئی کے وفد میں آپریشنل ماہرین اور ایک تکنیکی ٹیم شامل تھی۔ اس میں دہلی کے تین، گوہاٹی کے تین اور اگرتلہ کے پانچ ممبران شامل تھے ۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ سے بات چیت کی۔وزارت شہری ہوا بازی ایکشن پلان کو حتمی شکل دے گی اور اگلے سال کے شروعات میں ایئرپورٹ کو دوبارہ کھولنے کے لیے ضروری منصوبوں کی منظوری دی جائے گی۔یہاں کے عہدیداروں نے کہا کہ اسپائس جیٹ اور الائنس ایئر نے پہلے ہی کیلاشہر سے فلائٹ سروس شروع کرنے کا ذکر کیا ہے ۔ الائنس ایئر کے چھوٹے طیاروں کو ابتدائی طور پر اس روٹ پر چلانے کا منصوبہ ہے ۔