باکو : آذر بائیجان ائرلائینس کا جو طیارہ قزاقستان میں حادثہ کا شکار ہوگیا تھا اور اس میں 38 افراد ہلاک ہوگئے تھے وہ در اصل روس میں زمین سے کی گئی فائرنگ کی زد میں آگیا تھا ۔ آذر بائیجان کے صدر الہام علیوف نے آج یہ بات بتائی ۔ انہوں نے ماسکو پر الزام عائد کیا کہ اس نے اس ہلاکت خیز طیارہ حادثہ کی وجہ کو چھپانے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے روس پر زور دیا کہ وہ اپنی اس غلطی کا اعتراف کرے ۔ صدر الہام علیوف نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ روس کے کچھ حلقوں نے حادثہ کے تعلق سے حقائق کو چھپانے کی کوشش کی تھی ۔ اس حادثہ میں 38 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ کے تعلق سے غلط اطلاعات پھیلائی گئی تھیں۔ انہوں نے تاہم کہا کہ یہ واضخ ہے کہ روس کی جانب سے حقائق کو چھپانے کی کوشش کی گئی تھی جبکہ حقیقت یہ ہے کہ آذر بائیجانی ائرلائینس کا طیارہ روس کے علاقہ سے کی گئی فائرنگ کی زد میں آگیا تھا اور اس وجہ سے وہ کنٹرول کھو بیٹھا تھا ۔