حیدرآباد۔/28 اپریل ، ( سیاست نیوز) حج 2024 کے منتخب عازمین کیلئے تیسری اور آخری قسط کی ادائیگی کی آخری تاریخ میں 4 مئی تک توسیع کی گئی ہے۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا لیاقت علی آفاقی نے اس سلسلہ میں سرکولر جاری کیا۔ عازمین حج کیلئے تیسری اور آخری قسط کی ادائیگی کی آخری تاریخ 27 اپریل مقرر کی گئی تھی تاہم ریاستی حج کمیٹیوں کی نمائندگی پر تاریخ میں 4 مئی تک توسیع کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ تاحال 2635 عازمین نے تیسری قسط کی رقم جمع نہیں کی ہے۔ عازمین حج تیسری قسط کی رقم حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیٹ پر آن لائن جمع کراسکتے ہیں۔ رباط کیلئے انتخاب کی صورت میں رہائش کے اخراجات کی رقم واپس کردی جائے گی۔ واضح رہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے عازمین کیلئے جملہ سفری اخراجات 334700 روپئے مقرر کئے ہیں جبکہ آندھرا پردیش کے عازمین کیلئے 402700 روپئے مقرر کئے گئے۔ تلنگانہ عازمین نے پہلی قسط کے طور پر 81800 روپئے جبکہ دوسری قسط کے تحت 170000 روپئے جمع کرائے ہیں۔ تیسری اور آخری قسط کے طور پر 82900 روپئے جمع کرانے ہوں گے۔ قربانی کی ادائیگی کیلئے اضافی طور پر15180 روپئے اور شیرخوار بچوں کی صورت میں فی کس 9700 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔1