عامر علی خان ناگرکرنول ‘ ونپرتی و گدوال کیلئے پی سی سی آرگنائزر مقرر

   

سابق چیف منسٹر پڈوچیری وی نارائن سوامی کل ہند کانگریس کے مبصر ہونگے ۔ پارٹی کی تنظیم جدید کیلئے احکام جاری

حیدرآباد 10اکٹوبر(سیاست نیوز ) کل ہند کانگریس کمیٹی نے جناب عامر علی خان رکن قانون ساز کونسل کو اے آئی سی سی آبزرورمسٹر وی نارائن سوامی سابق چیف منسٹر پڈوچیری کے ساتھ پردیش کانگریس کمیٹی کا آرگنائزر نامزد کیا اور احکامات جاری کئے ہیں۔ تلنگانہ میں کانگریس نے پارٹی کی تنظیم جدید کے سلسلہ میں ضلع واری اور حلقہ اسمبلی کی اساس پر کل ہند کانگریس کے آبزرورس کی نامزدگی اور ان کے ساتھ پردیش کانگریس آرگنائزرس کو منظوری دے کر پارٹی کی تنظیم جدید کیلئے کمیٹیوں کی تشکیل دی جس میں رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خان کو بھی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ کانگریس اعلیٰ کمان سے جاری فہرست میںجملہ 22 اے آئی سی سی آبزرورس کی تعیناتی عمل میں لائی گئی جن میں ملک کی مختلف ریاستوں کے سرکردہ کانگریس قائدین شامل ہیں ۔حیدرآباد کیلئے کانگریس ہائی کمان نے رکن اسمبلی مہاراشٹرا جناب امین پٹیل کو اے آئی سی سی آبزرور نامزد کیا ہے جبکہ ان کے ساتھ پردیش کانگریس کمیٹی آرگنائزرس میں رکن پارلیمنٹ سریش شٹکر کے علاوہ مسز بی سوجنیا گوڑ‘ مسٹر عرفان علی و محمد غوث کو شامل کیاگیا ۔ اسی طرح ناگرکرنول ‘ ونپرتی ‘ گدوال کیلئے سابق چیف منسٹر پڈوچیری وی نارائن سوامی کواے آئی سی سی آبزرور بنایاگیا اور انکے ساتھ پردیش کانگریس آرگنائزرس کے طور پر رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خان‘ مسٹر این سرینواس‘ محترمہ بی سندھیا ریڈی و سی ایچ ستیہ نارائنہ کو ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ سکندرآباد میں پارٹی کی تنظیم جدید کیلئے اے آئی سی سی نے سی پی جوشی کو مبصر بنایا ہے جبکہ ان کے ساتھ پردیش کانگریس کمیٹی آرگنائزرس کے طور پر رکن پارلیمنٹ جی وی کرشنا ‘ مسز پارنیکا ریڈی رکن اسمبلی ‘ و مسٹر کے ملیا کو نامزد کیا ہے۔ خیریت آباد میں پارٹی کی تنظیم جدید کیلئے شکتی سنگھ گوہل کو اے آئی سی سی مبصر بنایاگیا جبکہ ان کے ساتھ پردیش کانگریس آرگنائزرس کے طور پر رکن پارلیمنٹ ملو روی ‘ رکن اسمبلی ایم یشسوینی ‘ سی سنگمیشور و این سیتاراملو کو شامل کیا گیا ۔ رنگاریڈی کیلئے پارٹی نے ہیبی ایڈن کو اے آئی سی سی آبزرور مقرر کرکے ان کے ساتھ پی سی سی آرگنائزرس کے طور پر رکن اسمبلی اے دیاکر‘ کے ونئے ریڈی ‘ جناب عبید اللہ کوتوال ‘ محترمہ پی وجیہ ریڈی کو ذمہ داری دی ہے۔ ہائی کمان نے میدک سدی پیٹ کیلئے محترمہ جیوتی روٹیلا کو اے آئی سی سی آبزرور نامزد کرکے ان کے ساتھ رکن اسمبلی ایم ستیم ‘ جناب پیر ارشاد احمد ناصر ‘ مسٹر ایس جگدیشور راؤ و محترمہ ایم ورا لکشمی کو پی سی سی آرگنائزرس کی ذمہ داری دی ہے۔ کل ہند کانگریس کے احکامات کے مطابق اے آئی سی سی مبصرین کے ساتھ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی آرگنائزرس کے طور پر ارکان پارلیمان‘ ارکان اسمبلی و کونسل و مختلف ادارہ جات کے صدورنشین کے علاوہ پارٹی کے سرکردہ قائدین کو آرگنائزرس کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے جو کہ پارٹی کی تنظیم جدید میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ کل ہند کانگریس سے ملک بھر کی مختلف ریاستوں میں ’سنگٹھن نوسریجن ‘ کی مہم چلائی جا رہی ہے تاکہ ملک بھر میں پارٹی کو مستحکم کرنے کے اقدامات کئے جاسکیں۔3