عبیداللہ کوتوال نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کے صدرنشین کا جائزہ حاصل کرلیا

   

اقلیتوں کی معاشی ترقی کے اقدامات کا عزم ، ریاستی وزیر جوپلی کرشنا راؤ اور ارکان اسمبلی کی شرکت
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مارچ (سیاست نیوز) جناب محمد عبیداللہ کوتوال نے آج صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا ۔ حج ہاؤز میں واقع کارپوریشن کے دفتر میں عوامی نمائندوں اور کانگریس کے اقلیتی قائدین کی موجودگی میں عبیداللہ کوتوال نے صدرنشین کے عہدہ کی ذمہ داری سنبھالی۔ محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے سینئر کانگریسی قائد عبیداللہ کوتوال کو چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پارٹی اور عوام کیلئے ان کی خدمات کے اعتراف میں یہ اہم ذمہ داری دی ہے ۔ صدرنشین کی ذمہ داری سنبھالنے کے موقع پر ریاستی وزیر اکسائز جوپلی کرشنا راؤ ، رکن اسمبلی محبوب نگر وائی سرینواس ، رکن اسمبلی جڑچرلہ انیرودھ ریڈی ، رکن اسمبلی شاد نگر ای شنکر ، رکن اسمبلی دیورکدرہ مدھو سدن ریڈی ، رکن اسمبلی نارائن پیٹ پرنیکا ریڈی ، رکن اسمبلی ناگر کرنول راجیش ریڈی ، رکن اسمبلی دیور کنڈہ بالو نائک ، رکن اسمبلی اچم پیٹ ومشی کرشنا ، رکن اسمبلی عنبر پیٹ کے وینکٹیش ، رکن قانون ساز کونسل مہیش کمار گوڑ ، رکن قانون کونسل بی وینکٹ ، سکریٹری اے آئی سی سی ومشی چند ریڈی ، مدھو یاشکی گوڑ، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، فہیم قریشی، صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی ، صدرنشین اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان ، سابق ضلع پریشد چیرمین دیاکر ریڈی کے علاوہ پارٹی کے اقلیتی قائدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے عبیداللہ کوتوال نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ریاستی وزراء سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی خدمت کے لئے جو ذمہ داری دی گئی ہے، اسے پوری دیانتداری کے ساتھ نبھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے صدرنشین کا عہدہ نہیں بلکہ ایک اہم ذمہ داری دی ہے تاکہ اقلیتوں کی معاشی ترقی میں کارپوریشن اہم رول ادا کرے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے اغراض و مقاصد اور اسکیمات پر عمل کرتے ہوئے مسلمانوں کی غربت دور کرنے اور نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کورسس میں تربیت کے اقدامات کئے جائیں گے۔ عبیداللہ کوتوال نے کہاکہ طویل عرصہ تک کانگریس پارٹی میں خدمات انجام دینے کے صلہ میں انہیں یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں عبیداللہ کوتوال نے اسکیمات کی تفصیلات حاصل کیں۔ 1