کشمیر کی بیٹی نے کار ریسنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے دنیا کو حیران کردیا
نعیم وجاہت
حیدرآباد ۔ 23۔ جون : ہندوستان کی بیٹی اور وادی کشمیر کے سری نگر سے تعلق رکھنے والی کم عمر کارٹنگ ریسر عتیقہ میر نے یونان (Greece) میں منعقدہ عالمی کار ٹنگ ریسنگ چمپئن شپ میں تاریخی کامیابی حاصل کر کے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کردیا ہے ۔ عتیقہ میر نے اس باوقار دوڑ میں اپنی شاندار مہارت اور تیز رفتاری کا لوہا منواتے ہوئے پہلا پوزیشن حاصل کی ہے ۔ یونان کے شہر تھیسالونیکی میں 29 سے 31 مئی 2026 تک منعقدہ اس عالمی مقابلہ میں عتیقہ میر فتح کا ٹرافی اپنے ہاتھوں میں لیے اور کندھوں پر ہندوستانی ترنگا لپیٹے پوڈیم پر نمبر ون کی پوزیشن پر کھڑی ہوئی تو سارا اسٹیڈیم ملک کے قومی ترانے جن گن من کی دھن سے گونج اُٹھا ۔ یہ یادگار لمحہ وہاں موجود تمام ہندوستانیوں اور کھیلوں کے شائقین کے لیے فخر کا باعث بن گیا ہے ۔ عتیقہ میر کی پیدائش سری نگر کشمیر میں ہوئی لیکن انہوں نے ریسنگ کی پیشہ وارانہ تربیت دبئی سے حاصل کی ۔ اپنی انتھک محنت ، لگن اور غیر معمولی ٹالینٹ کی بدولت انہوں نے ٹریک پر کئی تجربہ کار اور بین الاقوامی ریسروں کوپیچھے چھوڑتے ہوئے یہ کام اپنے نام کی اتنی کم عمری میں عالمی سطح پر اس قدر بڑی کامیابی حاصل کرنا ان کے غیر معمولی عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔ آج عتیقہ میر کی یہ تاریخی کامیابی نہ صرف اسپورٹس کی بنیاد میں ایک بڑا سنگ میل ہے بلکہ وہ ملک کے لاکھوں بچوں بالخصوص لڑکیوں کے لیے ایک رول ماڈل بن کر ابھری ہیں ۔ انہوں نے یہ ثابت کر دکھایا ہے کہ اگر خواب بڑے ہوں اور ان کو پانے کا جنون سچا ہو تو عمر اور صنف کوئی معنی نہیں رکھتی اور ہر منزل کو حاصل کیا جاسکتا ہے پورے ملک کو اپنی اس ہونہار بیٹی پر فخر ہے ۔۔ 2/m/b