عثمان ساگر کے مزید دو گیٹس کھول دئیے گئے جملہ 6 گیٹس سے پانی کا اخراج

   

حمایت ساگر کے 2 گیٹس سے بھی پانی چھوڑا جارہا ہے ، موسیٰ ندی پانی کے بہاؤ میں تیزی
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد کے مضافات اور ضلع رنگاریڈی میں ہونے والی بارش سے جڑواں ذخائر آب عثمان ساگر اور حمایت ساگرمیں پانی کا بہاؤ جاری ہے ۔ جس کی وجہ سے عہدیداروں نے عثمان ساگر کے مزید دو گیٹس کو کھول دئیے ہیں ۔ جملہ 6 دروازوں کے ذریعہ موسیٰ ندی میں پانی چھوڑا جارہا ہے ۔ اس طرح موسیٰ ندی میں 2118 کیوسکس پانی کا اخراج ہورہا ہے جتنا پانی کا انفلو ہے اس کو مد نظر رکھتے ہوئے عہدیدار پانی چھوڑ رہے ہیں ۔ عثمان ساگر میں پانی کا انفلو 1600 کیوسکس ہے ۔ 6 گیٹس کھولتے ہوئے 1788 کیوسکس پانی جاری کیا ہے ۔ عثمان ساگر کی مکمل سطح آب 1790 فیٹ ہے ۔ فی الحال عثمان ساگرمیں 1787.20 فیٹ پانی موجود ہے ۔ حمایت ساگر میں 300 کیوسکس پانی کا انفلو ہے ۔ ایک ہفتہ سے حمایت ساگر کے دو گیٹس کھول کر بدستور 330 کیوسکس پانی موسیٰ ندی میں چھوڑا جارہا ہے ۔ حمایت ساگر کی مکمل سطح آب 1763.50 فیٹ ہے ۔ فی الحال حمایت ساگر میں 1760.70 فیٹ پانی موجود ہے ۔ عثمان ساگر کے مزید دو گیٹس کھولنے کے بعد موسیٰ ندی کے پانی کے بہاؤ میں تیزی پیدا ہوگئی ہے ۔ عہدیداروں نے عوام کو چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے ۔۔ ن