عوام کیلئے بہتر طبی سہولتیں، وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کا تیقن
حیدرآباد۔ 3 مئی (سیاست نیوز) وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کامپلکس کی تعمیر کا کام گوشہ محل میں تیزی سے جاری ہے اور حکومت نے 2027 کے اختتام تک کامپلکس کی تکمیل کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے لئے انتہائی عصری سہولتوں کے ساتھ ہاسپٹل کی نئی عمارت تعمیر کی جارہی ہے جس میں عصری ٹیکنالوجی کے علاوہ بہتر انفرااسٹرکچر کی سہولتیں رہیں گی۔ وزیر صحت کے مطابق مریضوں کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی حکومت کا بنیادی مقصد ہے اور ڈاکٹرس کے علاوہ ہیلت کیئر اسٹاف کے لئے بہتر سہولتیں حاصل رہیں گی۔ ریاست کے مختلف اضلاع کے علاوہ دیگر ریاستوں سے مریض عثمانیہ ہاسپٹل رجوع ہوتے ہیں۔ عثمانیہ میڈیکل کالجس کی گریجویشن ڈے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دامودر راج نرسمہا نے گریجویٹس کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ طب ایک انتہائی معتبر اور عوام کیلئے قابل بھروسہ پیشہ ہے، اس پیشہ کو اختیار کرتے ہوئے کمرشیل بنیادوں کی بجائے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غریبوں کا علاج کیا جاسکتا ہے۔ گورنر شیوپرتاپ شکلا نے طلبہ میں ڈگری تقسیم کی۔ وائس چانسلر کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی، ڈاکٹر رمیش ریڈی، ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن نریندر کمار اور پرنسپل عثمانیہ میڈیکل کالج راجہ راؤ موجود تھے۔ 1؍F