حیدرآباد۔/26 فروری، ( سیاست نیوز) عنبرپیٹ میں آوارہ کتوں کے حملے میں کمسن لڑکے کی ہلاکت پر ریاستی وزیر سرینواس یادو اور میئر وجیہ لکشمی کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کے خلاف یوتھ کانگریس کارکنوں نے احتجاج منظم کیا۔ صدر یوتھ کانگریس حیدرآباد سٹی ایم روہت کی قیادت میں کورنٹی چوراہے پر یوتھ کانگریس کارکنوں نے دھرنا منظم کیا۔ وزیر انیمل ہسبینڈری سرینواس یادو اور میئر حیدرآباد وجیہ لکشمی سے استعفی کا مطالبہ کرتے ہوئے یوتھ کانگریس قائدین نے کہا کہ دونوں نے آوارہ کتوں کے حملے کی مختلف وجوہات بیان کرتے ہوئے عوام کو حیرت زدہ کردیا ہے۔ ذمہ دار عہدوں پر فائز افراد کیلئے غیر ذمہ دارانہ تبصرہ کرنا افسوسناک ہے۔ صدر سٹی یوتھ کانگریس نے دھمکی دی کہ کانگریس کارکن آوارہ کتوں کے ساتھ میئر کی رہائش گاہ پر احتجاج کریں گے تاکہ میئر کے مطابق کتوں کی بھوک مٹائی جاسکے۔ یوتھ کانگریس کارکنوں نے کہا کہ حیدرآباد میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے آوارہ کتوں کے خلاف کوئی مہم نہیں ہے۔ عنبرپیٹ واقعہ کے فوری بعد بعض علاقوں میں رسمی طور پر آوارہ کتوں کو پکڑنے کا انتظام کیا گیا لیکن یہ مہم روک دی گئی ہے۔ صدر یوتھ کانگریس نے کہا کہ کے ٹی راما راؤ حیدرآباد کو عالمی معیار کے مطابق شہر بنانے کا اعلان کررہے ہیں لیکن میئر حیدرآباد آوارہ کتوں کی سرگرمیوں کے حق میں ہیں۔ یوتھ کانگریس کی جانب سے میئر حیدرآباد کے خلاف احتجاج جاری رہے گا۔ر