سی ایم ڈی ، ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کی ویڈیو کانفرنس ۔ ڈسپلن شکنی کیخلاف انتباہ
حیدرآباد 19 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) جناب مشرف فاروقی آئی ایس ایس صدر نشین و مینیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی لمیٹیڈ نے کمپنی کے تمام عہدیداروں زونس و سرکلس کے سربراہان کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کی اور انہیں ہدایت دی کہ صارفین کو اطمینان بخش انداز میں خدمات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کا اطمینان ہی سب کی اولین ترجیح ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت تمام صارفین اور عوام کو معیاری اور بلا وقفہ برقی سربراہی کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور صارفین کو اطمینان بخش انداز میں برقی سربراہ کی جانی چاہئے ۔ ویڈیو کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ تمام عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ وقفہ وقفہ سے فیلڈ معائنے کریں اور از خود نوٹ لیتے ہوئے کہیں مسائل پائے جائیں تو انہیں فوری دور کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام فیلڈ عہدیداروں اور اسٹاف کو اپنے اپنے حدود میں دستیاب رہنا چاہئے اور صارفین کی ان تک رسائی بھی ہونی چاہئے ۔ دفتری اوقات میں سبھی عہدیداروں و عملہ کو صارفین کی خدمت کیلئے دستیاب رہنا چاہئے ۔ کسی بھی طرح کی ڈسیپلن شکنی کو برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام فیلڈ اسٹاف اور عہدیداروں کو عوامی شکایات کے ازالہ اور ان کی یکسوئی کو اولین ترجیح دینے کی ضرورت ہے ۔ صارفین کے ساتھ بہتر انداز میں پیش آنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ نیٹ ورک کے معیار کو بہتر بنانا چاہئے اور اس کے محفوظ ہونے کا بھی خاص خیال رکھا جانا چاہئے ۔ غریب بستیوں اور سلم آبادیوں میں بھی برقی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہئے ۔