عوام کی حفاظت اولین ترجیح ، کمشنر پولیس سائبرآباد کا دورہ حمایت ساگر ، عثمان ساگر
حیدرآباد /27 جولائی ( سیاست نیوز ) کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر اسٹیفن رویندرا نے آج حمایت ساگر اور عثمان ساگر علاقوں کا دورہ کیا ۔ اعلی پولیس عہدیداروں کے ہمراہ مکانات کا دورہ کرنے والے کمشنر پولیس نے پانی کے بہاؤ اور نشیبی علاقوں کے حالات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے عوام کو چوکس رہنے اور بغیر کسی ضرورت کے مکانات سے باہر نہ آنے کی درخواست کی ۔ انہوں نے عہدیداوں کو 24 گھنٹے چوکنا رہنے کی ہدایت دی اور کہا کہ حالات کے پیش نظر عوام کی حفاظت کو اولین اہمیت دی جارہی ہے ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی اطلاعات کے مطابق مزید دو تا تین دن تک شدید بارش کا امکان ہے اور ایسی صورت میں عوام کو پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ عثمان سے ساگر او ر حمایت ساگر کے قریب نشیبی علاقوں کو عوام کا تخلیہ کروایا جارہا ہے اور عوام کو حالات سے آگاہ کرنے کیلئے اطلاعات جاری کئے جارہے ہیں ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ درگاہ خلیج خان سے شمس آباد جانے والی سرویس روڈ کو بند کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے عوام کو متبادل راستہ اختیار کرنے کا مشورہ دیا اور کسی بھی قسم کے خطرے سے چوکنا رہنے کی اپیل کی ۔ دونوں آبی ذخائر سے پانی کے اخراج اور پانی کے بہاؤ کے سبب حالات سنگین رخ اختیار کرسکتے ہیں ۔ لہذا پولیس نے بچاؤ کے اقدامات کو اہمیت دیتے ہوئے چوکسی اختیار کرلی ہے ۔ دونوں آبی ذخائر عثمان ساگر اور حمایت ساگر میں 8 لاکھ کیوسک لیٹر پانی جمع ہو رہا ہے ۔ جبکہ 9 لاکھ کیوسک پانی کا اخراج عمل میں لایا جارہا ہے ۔ دونوں آبی ذخائر کی جملہ 17 گیٹوں میں 8 گیٹوں کو 4 فٹ پول تک کھول دیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے کسی بھی قسم کی پریشانی اور ضرورت پر ڈائیل 100 یا پھر سائبرآباد پولیس کے اس ۔ 9490617444۔ پر ربط کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ ع