غزہ پر ٹرمپ کی حمایت پر نیتن یاہو کا اظہار تشکر

   

تل ابیب : اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجامن نیتن یاہو نے ہفتے کے روز امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا غزہ معاملہ پر “مکمل حمایت” پر شکریہ ادا کیا۔ غزہ میں تقریباً ایک ماہ قبل ہونے والی جنگ بندی کے بعد یرغمالی قیدیوں کا چھٹی مرتبہ تبادلہ ہوا ہے۔ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر پیغام پوسٹ کیا تھا کہ اسرائیل کو فیصلہ کرنا چاہیے کہ یرغمالیوں کے تازہ ترین کامیاب تبادلے پر کیا ردِ عمل دینا ہے۔ اس کے بعد وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے دفتر نے کہا، “نیتن یاہو مستقبل میں غزہ پٹی کے حوالے سے اسرائیل کے فیصلوں پر صدر کی مکمل حمایت کو سراہتے ہیں۔حریف فریقین نے غزہ میں قید تین اسرائیلی یرغمالیوں کا تبادلہ اسرائیلی جیلوں میں قید 369 فلسطینی قیدیوں سے کیا۔لیکن چند ہی دن پہلے یہ معاہدہ تناؤ کا شکار نظر آیا جب حماس نے کہا کہ وہ جنگ بندی کے نفاذ پر اختلافات کے درمیان اسرائیل اور امریکہ کی دھمکیوں کے سامنے نہیں جھکے گا۔ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگرہفتہ کی دوپہر تک غزہ سے ہر اسرائیلی یرغمالی کو رہا نہ کیا گیا تو حالات گویا “جہنم” کی صورت اختیار کر لیں گے۔