منظوری کے بغیر 55 کروڑ کی اجرائی، سابق وزیر کے ٹی آر کی پریشانیوں میں اضافہ کا اندیشہ
حیدرآباد۔/30 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) بی آر ایس دور حکومت میں فارمولہ ای۔ریس کیلئے فنڈز کی اجرائی کا معاملہ اینٹی کرپشن بیورو کی تحقیقات کا سامنا کرسکتا ہے۔ اس معاملہ میں اس وقت کے وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ کو تحقیقات کے دائرہ میں شامل کرنے کیلئے حکومت نے گورنر سے اجازت طلب کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں نے ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے کسی منظوری کے بغیر فارمولہ ای ریس کے اہتمام کیلئے بیرونی اداروں کو 55 کروڑ کی اجرائی پر اعتراض کیا ہے۔ اس معاملہ کی جانچ کیلئے اینٹی کرپشن بیورو میں شکایت درج کرائی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ اے سی بی نے تحقیقات کے آغاز کیلئے حکومت سے اجازت طلب کی ہے۔ فروری 2023 میں حیدرآباد میں پہلی فارمولہ ای ریس کا حسین ساگر کے اطراف 2.8 کلو میٹر ٹریک پر اہتمام کیا گیا۔ پہلی ریس کی کامیابی کے بعد 10 فروری 2024 کو دوسری ریس کا منصوبہ بنایا گیا اور بی آر ایس حکومت نے اکٹوبر 2023 میں فارمولہ ای آپریشنس نامی کمپنی سے معاہدہ کیا۔ ایچ ایم ڈی اے نے 55 کروڑ روپئے کمپنی کو منتقل کئے جو محکمہ فینانس کی منظوری کے بغیر جاری کئے گئے۔ کانگریس برسراقتدار آنے کے بعد اس معاملہ کی جانچ کا فیصلہ کیا گیا۔ کانگریس حکومت نے ای فارمولہ ریس کو منسوخ کردیا تھا۔ سابق بی آر ایس حکومت کے بعض آئی اے ایس عہدیداروں کو چیف سکریٹری کی جانب سے نوٹس جاری کئے جانے کی اطلاع ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک سابق وزیر کو تحقیقات میں شامل کرنے کیلئے حکومت نے گورنر سے اجازت طلب کی ہے۔ اگر اے سی بی تحقیقات میں تیزی آتی ہے تو سابق وزیر کے ٹی راما راؤ کو طلب کئے جانے کا امکان ہے۔1