اندرون دو یوم ہال ٹکٹس کی بھی اجرائی ، بارش کے سبب امتحانات ملتوی کرنے کی تجویز مسترد
حیدرآباد۔26 جولائی (سیاست نیوز) پروفیسر جی رام ریڈی مرکز برائے فاصلاتی تعلیم جامعہ عثمانیہ کے پوسٹ گریجویشن امتحانات 22جون کو جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق ہی منعقد کئے جائیں گے ان میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ ایم اے اردو سال اول اور سال دوم کے علاوہ دیگر مضامین کے امتحانات کا آغاز 2اگسٹ سے ہوگا اور 18اگسٹ تک یہ امتحانات جاری رہیں گے۔ ایم اے اردو (سال اول )کا پرچہ اول 2اگسٹ کو منعقد ہوگا اور پرچہ دوم 4اگسٹ کو منعقد کیا جائے گا ‘6 اگسٹ کو پرچہ سوم منعقد کیا جائے گا جبکہ چوتھا پرچہ 10اگسٹ کو منعقد ہوگا اس کے علاوہ پانچواں پرچہ جو ایم ۔کام ‘ اور ایم ایس سی کے لئے ہوگا وہ 12اگسٹ کو منعقد ہوگا۔ 17 اگسٹ کو ایم ایس سی سال اول کا چھٹواں پرچہ منعقد ہوگا۔ ایم اے اردو سال دوم کے پرچوں کا آغاز 3اگسٹ سے ہوگا اور سال دوم کا پہلا پرچہ 3 اگسٹ کو منعقد کیا جائے گا جبکہ دوسرا پرچہ 5 اگسٹ کو منعقد ہوگا ‘ 8اگسٹ کو تیسرا پرچہ ہوگا جبکہ 11 اگسٹ کو چوتھا پرچہ منعقد ہوگا۔ 16اگسٹ کو جن مضامین کے طلبہ کے لئے پانچواں پرچہ ہوگا وہ منعقد کیا جائے گا جبکہ 18اگسٹ کو ایم ایس سی کے طلبہ کے لئے چھٹواں اور آخری پرچہ منعقد کیا جائے گا۔ مرکز برائے فاصلاتی تعلیم جامعہ عثمانیہ کی جانب سے جاری کئے گئے امتحانی شیڈول کے مطابق امتحانات کے انعقاد کے متعلق کسی بھی طرح کی الجھن کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ مسلسل بارشوں کے سبب مرکز برائے فاصلاتی تعلیم کے عہدیدارو ںکی جانب سے امتحانات کو ملتوی کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی جسے یونیورسٹی انتظامیہ نے مسترد کرتے ہوئے طلبہ کی خواہش کے مطابق 2اگسٹ سے ہی امتحانات منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ پوسٹ گریجویشن بذریعہ فاصلاتی تعلیم کے امتحانات لکھنے والے امیدواروں کے ہال ٹکٹس کی آئندہ دو یوم کے دوران اجرائی کا عمل شروع ہوجائے گا اور طلبہ اپنے ہال ٹکٹس آن لائن بھی ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔م