پیرس : فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے اپنی سیاسی سوچ میں مرکز پر زیادہ توجہ دینے والے اور اعتدال پسند رویوں کے حامل سیاستدان فرانسوا بائرو کو ملک کا نیا وزیر اعظم نامزد کر دیا ہے۔ فرانس میں پچھلے کئی دنوں سے کافی زیادہ سیاسی بے یقینی پائی جاتی تھی۔ گزشتہ ہفتہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے لائی گئی پارلیمانی تحریک عدم اعتماد کی اکثریتی رائے سے منظوری کے بعد وزیر اعظم مشیل بارنیئر کی حکومت کا خاتمہ ہوگیا تھا۔ قبل ازیں رواں برس جون اور جولائی میں ہونے والے انتخابات میں کسی بھی جماعت کو واضح اکثریت نہ ملنے کے باعث ملک میں سیاسی عدم استحکام کی صورتحال پیدا ہو گئی تھی۔ فرانس اس بے یقینی کے ساتھ ساتھ اپنے ذمہ قومی قرضوں میں مسلسل اضافہ اور بجٹ میں خسارے کے باعث سنگین اقتصادی مسائل سے بھی دوچار ہے۔ اب جب کہ نئے سال کے آغاز میں قریب دو ہفتہ باقی رہ گئے ہیں، فرانس میں 2025ء کے لیے بجٹ کی منظوری اب تک تعطل کا شکار ہے۔ اپوزیشن جماعتیں فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں سے فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ کر رہی ہیں، تاہم ماکروں حزب اختلاف کے اس مطالبے کو بھرپور طور پر مسترد کر چکے ہیں۔