ڈی ایم کے کانگریس اتحاد کی کامیابی کا دعویٰ ، دو اضلاع کی انتخابی مہم میں حصہ لیا
حیدرآباد ۔15۔ اپریل (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے ٹاملناڈو اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی انتخابی مہم کے تحت مسلسل دوسرے دن اوٹی اور شیواکاشی اسمبلی حلقہ جات میں روڈ شو میں حصہ لیا۔ مقامی کانگریس قائدین کے ہمراہ اتم کمار ریڈی نے رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے اتم کمار ریڈی کو سینئر آبزرور مقرر کیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ٹاملناڈو میں ڈی ایم کے ۔ کانگریس اتحاد کو شاندار کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی ٹاملناڈو میں عوامی طور پر غیر معمولی مقبول ہیں اور ان کی قیادت میں کانگریس پارٹی مرکز میں برسر اقتدار آئے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ڈی ایم کے حکومت میں عوامی وعدوں کی تکمیل کی ہے اور دوبارہ کامیابی کے بعد انتخابی وعدوں کو پورا کرنے کا عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ریاستوں اور خاص طورپر ٹاملناڈو میں بی جے پی کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ شیوا کاشی ضلع میں انتخابی مہم کے دوران اے آئی سی سی کے دیگر قائدین بھی شریک تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ضلع کی تمام 28 اسمبلی نشستوں پر کانگریس اور ڈی ایم کے اتحاد کامیاب ہوگا۔ ٹاملناڈو میں سیکولر اور جمہوری نظریات کو نقصان پہنچانے کیلئے بی جے پی کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باشعور رائے دہندے بی جے پی کی سازشوں کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا گیا اور دوبارہ اقتدار کے 300 دنوں میں تین لاکھ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ خواتین کی ماہانہ امداد کو ایک ہزار سے بڑھاکر 2000 کردیا جائے گا۔ پولیس فورس میں خواتین کے 10,000 تقررات کئے جائیں گے۔1/k/m/b