فوج میں آئی ٹی ماہرین کی بھرتی کا فیصلہ

   

نئی دہلی : فوج نے جدید دور کے سیکوریٹی چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے آئی ٹی اور ڈومین ایکسپرٹس کو بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آرمی چیف کا کہنا ہے کہ فوج کو آئی ٹی کے دور میں ہر اعتبار سے کسی بھی صورتِ حال کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ فوج کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل راکیش کپور نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ فی زمانہ ہر فوج آئی ٹی کے حوالے سے اپنی مہارت بڑھارہی ہے تاکہ جدید ترین ہتھیار اور جنگی ساز و سامان کو موثر طریقہ سے بروئے کار لانے میں کوئی دشواری محسوس نہ ہو۔ لیفٹیننٹ جنرل راکیش کپور کا یہ بھی کہنا تھا کہ فوج آئی ٹی کی مہارت کے حوالے سے اب تک مطلوبہ معیار کو حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ دنیا بہت تیزی سے جدید ترین ہتھیاروں اور ساز و سامان کی طرف بڑھ رہی ہے۔ میزائل ٹیکنالوجی، ڈرون ٹیکنالوجی اور دوسرے بہت سے ہتھیاروں کے حوالے سے آئی ٹی کا کلیدی کردار ہے۔ آج کے فوجی کو یہ سب کچھ معلوم ہونا چاہیے۔ فوج چند شعبوں میں اب بھی کمزور ثابت ہو رہی ہے۔ فضائیہ کا معیار بلند کرنے میں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوسکی ہے۔ بری فوج کا پیشہ ورانہ معیار بھی وہ نہیں جو ہونا چاہیے۔ مورال بھی گرا ہوا ہے اور فوجیوں کی تربیت بھی مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں۔ ایسے میں جدید ترین ہتھیار چلانے کیلئے آئی ٹی کے شعبہ کے ماہرین بھرتی کرنا لازم ہے۔