فیض احمد فیض مزدور ، کسان اور محنت کشوں کے ترجمان،شعبہ اردو جامعہ عثمانیہ میں ڈاکٹر تقی عابدی کا توسیعی خطبہ

   

حیدرآباد ۔ 20 ؍ دسمبر ( راست ) ۔ جامعہ عثمانیہ کے شعبہ اُردو کے زیر اہتمام اُردو کے آفاقی شاعر’’فیض احمد فیضؔکی شاعری میں معنویت‘‘کے اہم موضوع پر تاریخ ساز جامعہ ہذا میں 16؍ ڈسمبر 2023ء بروز ہفتہ کو صبح11بجے‘ ایک توسیعی خطبہ کا اہتمام کیا گیا۔ممتاز شاعر شکیل حیدر نے فیض احمد فیضؔ کی ایک غزل اور مشہور نظم’’مجھ سے پہلی سی محبت مرے محبوب نہ مانگ‘‘ کو ترنم میں سنا کر اس خوبصورت اور یادگار محفل کا آغاز کیا۔مہمان اعزازی ڈاکٹرمعیدجاوید(سابق صدر شعبہء اُردو) نے فیض احمد فیضؔ کی شاعری میں معنویت پر مختصر اور جامع انداز میں روشنی ڈالی۔ ایک اور مہمان اعزازی پروفیسر ایس اے شکور(سابق صدر شعبہء اُردو) نے کہا کہ پیشہ طب کی بے پناہ مصروفتوں کے باوجود علمی و ادبی خدمات انجام دینے والی شخصیت ڈاکٹر تقی عابدی کی تحقیق و تصنیف اور ادبی کاوشوں کی ستائش کرتے ہوئے انھیں’’سفیر اُردو‘‘ قرار دیا۔ ڈاکٹر زیبا انجم (استاذ شعبہ اُردو‘جامعہ عثمانیہ) نے توسیعی خطبہ سے قبل ڈاکٹر سید تقی عابدی کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر سید تقی عابدی صحت کے طبیب‘ادب کے مریض اور اُردو کے وکیل ہیں۔ فیض نے انسانیت اور انسانی قدروں کے پیغام کو اپنی نظموں کے ذریعہ عام کرنے کی کوشش کی ہے ۔ وہ مزدوروں ‘کسانوں اور محنت کشوں کے بڑے ترجمان نظر آتے ہیں۔ڈاکٹر تقی عابدی نے اپنے توسیعی خطبہ میں فیض احمد فیضؔ کی بیشتر نظموں اور غزلوں کے اشعار کے حوالہ سے فیضؔ کے خیال کی گہرائی ‘ گیرائی ‘ وسعتِ فکر‘الفاظ اور استعاروں کی ندرت و جدت پر بھر پور اظہار خیال کیا۔اور فیضؔ کی شاعری میں معنویت کے موضوع کو کامیابی کے ساتھ سمجھنے کی کوشش کی ۔ پروفیسر سی گنیش(پرنسپل آرٹس کالج و صدر شعبہ اُردو) نے اپنے صدرتی خطاب میں میں ڈاکٹر سید تقی عابدی کو فیض احمد فیض کی شاعری میں معنویت‘‘کے موضوع پر ان کے معلوماتی لیکچر پر اظہار تشکر کرتے ہوئے ان کی شال پوشی کی اور ان کی خدمت میں مومنٹو اورگلدستہ پیش کیا۔پروفیسر سی گنیش نے اس جلسہ کے مہمان اعزازی پروفیسر ایس اے شکور‘اور ڈاکٹر معید جاوید کی خدمت میں بھی گلدستہ پیش کیا۔ڈاکٹر مشتاق احمد(استاذ شعبہ اُردو جامعہ عثمانیہ) کے اظہار تشکر پر توسیعی خطبہ کا اختتام عمل میں آیا۔اس محفل میں جامعہ عثمانیہ کے شعبہ اُردو کے علاوہ عربی ‘ فارسی اور اسلامک اسٹیڈی کے طلبا و طالبات و ریسرچ اسکالر اور محبان اُردو کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ڈاکٹر اے آر منظر(اسوسی ایٹ پروفیسر‘اُردو سنٹرل یونیورسٹی آف حیدرآباد ) نے بھی پروگرام میں خصوصی طور پر شرکت کی۔محترمہ سلیمہ سلطانہ اور محمد اکبر کی معاونت نے اس پروگرام کو کامیا بی سے ہم کنار کیا۔