قدس فورس کمانڈر خیریت سے ہیں: ایرانی میڈیا

   

اسرائیلی حملہ میں ہلاک ہونے کی تردید‘ سپریم لیڈر میڈل عطا کریں گے

تہران: قدس فورس کے کمانڈر خیریت سے ہیں، جلد سپریم لیڈر کی جانب سے میڈل دیا جائے گا، ایرانی میڈیا کا نے آج یہ دعویٰ کیا ہے ۔ایرانی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ اسماعیل قاآنی خیریت سے ہیں۔ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی تسنیم نے پاسداران انقالب کے سینئر مشیر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اسماعیل قاآنی کو جلد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے ’نشان فتح‘ دیا جائے گا۔اس سے قبل سینئر ایرانی حکام نے میڈیا کو بتایا تھا کہ 27 ستمبر کو بیروت میں اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد اسماعیل قاآنی لبنان گئے اور اس کے بعد سے وہ رابطے میں نہیں ہیں۔ میڈیا کے مطابق ایک عہدیدار نے بتایا کہ اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ کے ممکنہ سربراہ ہاشم صفی الدین کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے حملوں کے وقت اسماعیل قاآنی بھی بیروت کے جنوبی علاقے ضاحیہ میں موجود تھے تاہم اس وقت وہ ہاشم صفی الدین سے کسی ملاقات میں مصروف نہیں تھے۔تاہم اب اسماعیل قاآنی کے مشیر ابراہیم جباری نے میڈیا کو بتایا ہے کہ اسماعیل قاآنی رو بہ صحت ہیں اور انہیں آنے والے دنوں میں ’نشان فتح‘ سے نوازا جائے گا۔پیر کے روز قدس فورس کے ڈپٹی کمانڈر ارج مسجدی نے بھی اسماعیل قا آنی کے بیروت میں اسرائیلی حملے کی زد میں آنے کی تردید کی تھی۔تہران میں حماس قائد اسماعیل ھنیہ کی شہادت کے بعد بیروت میں اسرائیل کے حملے میں حسن نصر اللہ کی شہید ہونے کے بعد سے حماس اور حزب اللہ کے اہم قائدین کے شہیدہونے کی افواہیں گشت کررہی ہیں ۔